طبرانی کی روایت ہے کہ صدقہ مال کو کم نہیں کرتا اور نہ ہی بندہ صدقہ دینے کے لئے اپنا ہاتھ بڑھاتا ہے مگر وہ اللہ تَعَالٰی کے ہاتھ میں جاتا ہے یعنی اللہ تَعَالٰی اسے سائل کے ہاتھ میں جانے سے پہلے قبول کرلیتا ہے اور کوئی بندہ بے پروائی کے باوجود سوال کا دروازہ نہیں کھولتا مگر اللہ تَعَالٰی اس پر فقر کو مسلط کردیتا ہے، بندہ کہتا ہے: میرا مال ہے میرا مال ہے مگر اس کے مال کے تین حصے ہیں ، جو کھایا وہ فنا ہوگیا جو پہنا وہ پرانا ہوگیا جو راہِ خدا میں دیا وہ حاصل کرلیا اور جو اس کے سوا ہے وہ اسے لوگوں کے لئے چھوڑ جانے والا ہے۔(1)
حدیث شریف میں ہے: تم میں سے کوئی ایک ایسا نہیں ہے مگر اللہ تَعَالٰی بغیر کسی ترجمان کے اس سے گفتگو فرمائے گا، آدمی اپنی دائیں طرف دیکھے گا تو اسے وہی کچھ نظر آئیگا جو اس نے آگے بھیجا ہے اور بائیں طرف وہی کچھ دکھائی دے گا جو اس نے آگے بھیجا ہے اور اپنے سامنے دیکھے گا تو اسے مقابل میں آگ نظر آئے گی پس تم اس آگ سے بچو اگرچہ کھجور کا ایک ٹکڑا ہی راہِ خدا میں دے کر بچ سکو۔(2)
حدیث شریف میں ہے کہ اپنے چہروں کو آگ سے بچاؤ اگرچہ کھجور کے ایک ٹکڑے ہی سے کیوں نہ ہو۔(3)
حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم فرماتے ہیں کہ صدقہ گناہوں کو اس طرح مٹادیتا ہے جیسے پانی آگ کو بجھا دیتا ہے۔(4)
آپ نے فرمایا: اے کعب بن عجرہ! جنت میں وہ خون اور گوشت نہیں جائے گا جو حرام ذریعہ سے حاصل کردہ مال سے پھلا پھولا ہو، اے کعب بن عجرہ! لوگ جانے والے ہیں ، بعض جانیوالے اپنے نفس کو رہائی دینے والے ہیں اور بعض اسے ہلاک کرنے والے ہیں ۔ اے کعب بن عجرہ !نماز نزدیکی ہے، روزہ ڈھال ہے، صدقہ گناہوں کو اس طرح دور کردیتا ہے جیسے چکنے پتھر سے کائی اتر جاتی ہے۔(5)
ایک روایت میں ہے کہ جیسے پانی آگ کو بجھا دیتا ہے۔(6)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…المعجم الکبیر، ۱۱/۳۲۰، الحدیث ۱۲۱۵۰و مسلم ، کتاب الزھدو الرقائق ، ص ۱۵۸۲، الحدیث۴۔(۲۹۵۹)
2…بخاری،کتاب التوحید، باب کلام الرب۔۔۔الخ ، ۴/۵۷۸، الحدیث۷۵۱۲
3…ترمذی،کتاب تفسیر القرآن، باب ومن سورۃ فاتحۃ الکتاب، ۴/۴۴۲، الحدیث ۲۹۶۳
4…ترمذی،کتاب السفر، باب ماذکر فی فضل الصلاۃ، ۲/۱۱۸، الحدیث۶۱۴
5…صحیح ابن حبان ،کتاب الحظر و الاباحۃ ، ذکر الاخبار بایجاب النار۔۔۔الخ ، ۵/۴۳۶، الجزء السابع، الحدیث۵۵۴۱
6…ترمذی،کتاب السفر، باب ما ذکر فی فضل الصلاۃ ، ۲/۱۱۸، الحدیث ۶۱۴