Brailvi Books

مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب
418 - 676
باب 58
 فریب ہائے دنیا
	دنیا کے تمام حالات خوشی اور غم کے اردگرد گردش کرتے رہتے ہیں ، دنیا اپنے چاہنے والوں کی خواہشات کے مطابق نہیں رہتی بلکہ وہ حکیمِ مطلق اللہ تَعَالٰی کی حکمت کے مطابق رنگ بدلتی رہتی ہے، فرمانِ الٰہی ہے:
وَلَا یَزَالُوۡنَ مُخْتَلِفِیۡنَ ﴿۱۱۸﴾ۙاِلَّا مَنۡ رَّحِمَ رَبُّکَ ؕ (1)
وہ ہمیشہ مختلف رہیں گے مگر وہ جس پر تیرے رب نے رحم کیا (وہ اس سے محفوظ رہیں گے)۔
	بعض مفسرین کا کہنا ہے کہ یہاں ’’اِختلاف‘‘ سے مراد رزق کا اختلاف ہے یعنی بعض غنی ہیں اور بعض فقیر ہیں لہٰذا ہر شخص کے لیے ضروری ہے جسے دنیا کا مال مل جائے اور ربِّ ذوالجلال دنیا کو اس کا خادم بنادے تو وہ شکر ادا کرتا رہے اور نیک کاموں میں اسے صرف کرے کیونکہ اچھے اعمال برائیوں کو زیر کرلیتے ہیں اور اپنی دنیا پر غرور نہ کرے اور یہ فرمانِ الٰہی اس بات کو سمجھنے کے لئے کافی ہے
فَلَا تَغُرَّنَّکُمُ الْحَیٰوۃُ الدُّنْیَا ٝ وَلَا یَغُرَّنَّکُمۡ بِاللہِ الْغَرُوۡرُ ﴿۳۳﴾ (2)
تمہیں دنیا کی زندگی فریب نہ دے اور نہ تمہیں کوئی فریب دینے والا اللہ سے فریب دے۔
	اور فرمانِ الٰہی ہے:
	’’لیکن تم نے اپنے آپ کو فتنہ میں ڈالا اور تم منتظر رہے اور تم نے شک کیا اور تمہیں آرزؤوں نے فریب میں ڈالا۔‘‘(3)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ 1…ترجمۂکنزالایمان: اور وہ ہمیشہ اختلاف میں رہیں گے مگر جن پر تمہارے ربّ نے رحم کیا (وہ اس سے محفوظ رہیں گے)۔ (پ۱۲، ھود: ۱۱۸،۱۱۹)
2… ترجمۂکنزالایمان: تو ہر گز تمہیں دھوکا نہ دے دنیا کی زندگی اور ہر گز تمہیں اللہ کے حلم پر دھوکا نہ دے وہ بڑا فریبی (شیطان)۔ (پ۲۱، لقمٰن:۳۳)
3… ترجمۂکنزالایمان:مگر تم نے اپنی جانیں فتنہ میں ڈالیں اور مسلمانوں کی برائی تکتے اور شک رکھتے اور جھوٹی طمع نے تمہیں فریب دیا۔ (پ۲۷، الحدید:۱۴)