مجھے معلوم نہیں ۔
حضرتِ جنید رَحْمَۃُاللہ عَلَیْہ کا قول ہے کہ بہترین اور عمدہ مجلس، مجلسِ غوروفکر ہے جو توحید کے میدان میں انجام دی جائے اور محبت کے سمندر سے محبت کے جام پینا بہترین شراب اور معرفت کی معطر ہواؤں سے لطف اندوز ہونا سب ہواؤں سے بہتر ہے اور اللہ تَعَالٰی سے اَجر حسن کی اُمید رکھنا عمدگی میں بے مثال ہے۔
پھر فرمایا: وہ دل کیسا بہترین ہے جو اِن مجالس کا شناسا ہے اور اسے خوشخبری ہو جو محبت کے ان لذیذ ترین جاموں سے کام و دہن کی تواضع کرتا ہے۔
امامِ شافعی رَضِیَ اللہُ عَنْہ کا قول ہے کہ گفتگو پر خاموشی سے اور حصولِ علم کے لئے غوروفکر کرنے سے اِمدادطلب کرو۔
مزید فرمایا: کاموں کے بارے میں اچھی طرح سوچ سمجھ لینا دھوکہ سے بچاتا ہے اور عمدہ رائے شرمندگی اور حد سے زیادہ بڑھ جانے سے بچالیتی ہے، کاموں میں تفکر اور غوروخوض ہوشیاری پیدا کرتا ہے، داناؤں کے مشورے اور ذہانت نفس کی پائیداری اور بصیرت کی قوت ہیں لہٰذا ارادہ کرنے سے پہلے سوچ، کام کرنے سے پہلے غوروفکر کر اور قبل از وقت مشورہ حاصل کر۔
مزید فرمایا کہ فضائل چار ہیں :
٭… ’’حکمت‘‘۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جس کا دارومدار غوروفکر پر ہو،
٭…’’پاکبازی ‘‘ ۔۔۔۔۔۔۔۔جس کا دارومدار شہوت سے اِجتناب ہے،
٭…’’قوت‘‘ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جس کا دارومدار غصہ پرہے،
٭…’’عدل‘‘ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جس کا دارومدار قوائے نفسانی کے اِعتدال پر ہے۔