Brailvi Books

مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب
295 - 676
ہے، ہم تیرے غلام اور غلاموں کی اولاد ہیں ، ہماری گزشتہ عمروں کے وہ لمحات جو تیرے ذکر سے غفلت میں گزرے انہیں معاف فرمادے۔ دوسرا بولا: تو پاک ہے، توپاک ہے، ہم تیرے غلام اور غلاموں کے بیٹے ہیں جو معاملات ہمارے اور تیرے درمیان ہیں ، ہمیں ان میں حسنِ نظر عطا فرما۔ تیسرے نے کہا:اے اللہ!  تو پاک ہے اے اللہ!  تو پاک ہے ہم تیرے غلام اور تیرے غلاموں کی اولاد ہیں ، اے رب! تو نے ہمیں دعا کی ترغیب دی ہے اور تجھے معلوم ہے کہ ہمیں اپنے لئے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے، ہم پر مکمل احسان فرما اور اپنے راستہ پر ہمیشہ گامزن رکھ۔
	ایک اور محب یوں کہنے لگا: الٰہی! ہم تیری رضا مندی کو پوری طرح نہیں پا سکتے، ہماری امداد فرما تاکہ ہم اسے پالیں ۔ ایک اور محب نے کہا: تو نے ہمیں نطفہ سے پیدا کیا اور اپنی ذات میں تفکر کی دولت بخشی ہے۔ اے اللہ! تو نے ہمیں کلام کی ترغیب دی ہے، جو تیری شانِ عظمت کے فہم میں مشغول ہیں اور تیرے جلال میں غوروفکر کرتے ہیں اور ہم تجھ سے تیرے نور کے قرب کی درخواست کرتے ہیں ۔ ایک اور محب پکار اٹھا کہ تیری عظمتِ شان، دوستوں سے انتہائی قرب اور محبین پر بے شمار انعامات کی وجہ سے ہماری زبانیں دعا مانگنے سے رک گئی ہیں ۔ ایک اور بولا: تو نے ہمارے دلوں کو اپنے ذکر کی توفیق بخشی، اپنی رحمت میں مشغول فرماکر ساری دنیا سے بے نیاز کردیا، کماحقہ شکر ادا نہ کرسکنے کی ہماری تقصیر کو معاف فرمادے۔
	ایک اور نے کہا: اے اللہ!  تو جانتا ہے کہ ہماری تمنا تیرے دیدار کے سوا اور کچھ بھی نہیں ہے۔ ایک اور نے کہا: مالک غلام سے مانگنے کو فرماتا ہے مگر غلام اپنے لیے مانگنے کی جرأت نہیں کرسکتا، ہمیں نور عنایت فرما تاکہ ہم آسمان کی تاریکیوں سے نکل کر تیری بارگاہ میں آئیں۔ 
	ایک نے کہا: ہم یہ دعا مانگتے ہیں کہ ہماری یہ عبادت قبول فرمالے اور ہمیں ہمیشہ اسی پر قائم رکھ،ایک اور محب نے کہا: تونے ہمیں جو فضیلت اور انعامات بخشے ہیں انہیں مکمل فرمادے ۔ دوسرے نے کہا: دنیا میں ہمیں کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے، ہمیں اپنا جمالِ جہاں آرا دکھا دے۔
	ایک اور محب نے کہا: میری آنکھیں دنیا اور اس کی زیب و زینت سے کور کر دے اور میرے دل کو آخرت کے خیالات سے پاک فرمادے۔