Brailvi Books

مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب
283 - 676
’’بے شک ہمارے پاس (ان کے لیے) بیڑیاں اور آگ ہے اور گلے میں اٹک جانے والا کھانا اور درد ناک عذاب ہے۔‘‘(1)
	حضرتِ ابن عباس رَضِیَ اللہُ عَنْہُمَا سے مروی ہے؛حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے فرمایا: اگر زقوم کا ایک قطرہ دنیا کے دریاؤں اور سمندروں میں ڈال دیا جائے تو لوگوں کے لئے زندگی دوبھر ہوجائے پھر ان لوگوں کا کیا حشر ہوگا جن کی غذا ہی زقوم ہوگی۔(2)
	حضرتِ اَنس رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے مروی ہے؛حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے فرمایا: اللہ تَعَالٰی نے جن چیزوں سے محبت رکھنے کا حکم دیا ہے انہیں محبوب رکھو اور جن چیزوں سے پرہیز کا حکم دیا ہے ان سے پرہیز کرو، اللہ کے عذاب اور جہنم سے ڈرو، اگر جنت کا ایک ذرہ تمہارے پاس دنیا میں ہوتا تو دنیا تمہارے لئے انتہائی جاذبِ نظر اور پُرکشش ہوجاتی اور اگر جہنم کی آگ کی ایک چنگاری تمہارے ساتھ ہوتی تو دنیا تمہارے لئے انتہائی مہلک اور تباہ کن بن جاتی۔ (3)
	حضرتِ ابوالدرداء رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے مروی ہے ؛حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے فرمایا: جہنمیوں پر بھوک مسلط کی جائے گی یہاں تک کہ وہ عذاب کو بھول کر کھانے کی التجا کریں گے ان کی التجا کے جواب میں انہیں ضریع پیش کی جائے گی جو ایلوے سے زیادہ کڑوی اور نہایت بدبودار ہوگی جو نہ انہیں فربہ کرے گی اور نہ ان کی بھوک مٹائے گی، پھر کھانے کی درخواست کریں گے تو انہیں ایسا کھانا دیا جائے گا جو ان کے گلے میں اٹک جائے گا تب انہیں یاد آئے گا کہ وہ دنیا میں حلق میں پھنسا ہوا لقمہ پانی سے اتارتے تھے لہٰذا وہ پانی کے لئے التجا کریں گے تو لوہے کی سنسیوں سے پکڑ کر گرم پانی کا برتن ان کے آگے لایا جائے گا، جب وہ منہ کے قریب ہوگا تو تپش سے ان کے چہرے جھلس جائیں گے اور جب وہ پانی ان کے پیٹ میں پہنچے گا تو ان کی انتڑیاں ٹکڑے ٹکڑے کردے گا، پھر وہ کہیں گے کہ جہنم کے نگہبانوں کو بلاؤ اور انہیں بلا کر کہیں گے: اپنے رب سے دعا کرو وہ ہم پر ایک دن کے عذاب کی تخفیف کردے، وہ نگہبان کہیں گے: کیا تمہارے پاس پیغمبر دلائل لے کر نہیں آئے تھے؟ جہنمی کہیں گے: ہاں آئے تھے۔ تب وہ کہیں گے: تم خود دعا کرو (اور کافروں کی دعا کبھی راہِ راست پر نہیں آتی) پھر وہ کہیں گے: مالکِ جہنم کو بلاؤ اور اسے بلاکر کہیں گے: اللہ تَعَالٰی ہم پر موت مسلط کردے۔ 
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ 
1…ترجمۂکنزالایمان:بے شک ہمارے پاس بھاری بیڑیاں ہیں اور بھڑکتی آگ اور گلے میں پھنستا کھانا اور دردناک عذاب۔ (پ۲۹، المزمل:۱۲،۱۳) 2…۴۱۳المعجم الاوسط، ۵/ ۳۳۸، الحدیث۷۵۲۵
3…الترغیب والترھیب،کتاب صفۃ الجنۃ والنار،الترھیب من النار،۴/۲۶۴،الحدیث۵۶۰۲والبعث والنشور للبیھقی، ص۳۰۳ ،۵۴۶