Brailvi Books

مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب
257 - 676
 جب وہ ان کے پاس آئے گا تو کہے گا کہ تمہیں خوشخبری ہو، تم میں سے ہر ایک کو یہی مقام ملے گا اور کافر کا منہ کالا کر کے اس کا قد آدم عَلَیْہِ السَّلَام کے قد کے برابر ساٹھ ہاتھ کردیا جائے گا اور اسے ظلمت کا تاج پہنایا جائیگا، وہ اپنے ساتھیوں کے پاس آئے گا وہ اسے دیکھ کر کہیں گے: اے اللہ! ہم اس کے شر سے پناہ چاہتے ہیں اور ہمیں ایسے انجام سے بچا، وہ ان کے پاس آئے گا تو وہ کہیں گے: اے اللہ! اسے رسواکر۔ تب کافر کہے گا کہ اللہ تَعَالٰی نے تجھے اپنی رحمت سے دور کردیا، تم میں سے ہر ایک کے ساتھ یہی سلوک کیا جائے گا۔(1)فرمانِ الٰہی ہے:
اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالَہَا ۙ﴿۱﴾وَ اَخْرَجَتِ الْاَرْضُ اَثْقَالَہَا ۙ﴿۲﴾  (2)
جب زمین زلزلے سے ہلائی جائے گی اور وہ اپنے بوجھ نکال ڈالے گی۔
	حضرتِ ابن عباس رَضِیَ اللہُ عَنْہُمَا اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ زمین نیچے سے ہِلے گی اور اس کے پیٹ میں جتنے مردے اور دفینے ہیں ، سب کو باہر نکال دیگی۔
	حضرتِ ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے مروی ہے کہ حضور  صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے یہ آیت پڑھی:
  یَوْمَئِذٍ تُحَدِّثُ اَخْبَارَہَا ﴿ۙ۴﴾ (3)		اس دن زمین اپنی خبریں بیان کرے گی۔
	اور فرمایا: جانتے ہو اس کی خبریں کیا ہیں !صحابہ نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول ( صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم) بہتر جانتے ہیں، آپ نے فرمایا: وہ ہر مرد اور ہر عورت کے ہر اس عمل کی گواہی دیگی جو اس کی پشت پر کیا گیا ہے۔(4)
	طبرانی کی حدیث ہے: حضور  صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے فرمایا: زمین پر گناہ کرنے سے پرہیز کرو کیونکہ وہ تمہاری ماں ہے اور جو شخص بھی اس پر کوئی عمل کرتا ہے وہ اس کی (قیامت کے دن) خبر دے گی۔(5)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1… ترمذی،کتاب التفسیر، ۵/۹۲، الحدیث ۳۱۴۷
2…ترجمۂکنزالایمان:جب زمین تھر تھرا دی جائے جیسا اس کا تھر تھرانا ٹھہرا ہے اور زمین اپنے بوجھ باہر پھینک دے۔(پ۳۰، الزلزال:۱،۲)
3…ترجمۂکنزالایمان: اس دن وہ اپنی خبریں بتائے گی۔(پ۳۰،الزلزال:۴)
4…ترمذی،کتاب صفۃ القیامۃ، باب۷، ۴/۱۹۴، الحدیث ۲۴۳۷
5…المعجم الکبیر، ۵/۶۵، الحدیث ۴۵۹۶