Brailvi Books

مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب
233 - 676
	مروی ہے کہ حضرتِ موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام نے ربِ جلیل سے سوال کیا: تیرا کونسا بندہ زیادہ غنی ہے؟ ارشادِ ربانی ہوا: جو میرے عطا کردہ رزق پر قناعت کرتا ہے، پھر پوچھا: عادل کون ہے؟ رب تعالیٰ نے فرمایا: جو اپنے آپ سے انصاف کرتا ہے۔(1)
	حضرتِ عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے مروی ہے: حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے فرمایا: روح القدس نے مجھے خبر دی ہے کہ کوئی شخص دنیا سے اپنا رزق پورا کئے بغیر نہیں جائے گا لہٰذا اللہ تَعَالٰی سے ڈرو اور رزقِ حلال حاصل کرو۔ (2)
	حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے مروی ہے کہ مجھے حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے فرمایا:جب تجھے بھوک لگے تو ایک روٹی اور پانی کا پیالہ تیرے لئے کافی ہے اور دنیا کی مزید خواہش ہلاکت ہے۔(3)
	حضرتِ ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے مروی ہے کہ مجھے حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے فرمایا: پرہیز گار بن! تو سب سے بڑا عابد ہوگا، قناعت کر! تو سب سے بڑا شکر گزار ہوگا، جو اپنے لئے پسند کرتا ہے وہی دوسروں کے لئے پسند کر! تو مومن ہوگا۔(4)
	حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے لالچ سے منع فرمایا ہے چنانچہ حضرتِ ابو ایوب انصاری رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے مروی ہے کہ ایک بدوی نے حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم  کی خدمت میں عرض کی: مجھے ایک مختصر نصیحت کیجئے! آپ نے فرمایا: ہر نماز کو زندگی کی آخری نماز سمجھ کر پڑھ! کوئی ایسی بات نہ کر جس پر کل معذرت کرنی پڑے اور لوگوں کے مال سے امید نہ رکھ۔(5)
	حضرت عوف بن مالک الاشجعی رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے مروی ہے کہ ہم سات، آٹھ یا نو آدمی حضورصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے، آپ نے فرمایا: تم رسول اللہ کی بیعت نہیں کرتے؟ چنانچہ ہم نے ہاتھ بڑھا کر بیعت کی، ہم میں سے کسی نے پوچھا: یا رسو ل اللہ! آپ نے ہم سے کس چیز کی بیعت لی؟ آپ نے فرمایا: یہ کہ اللہ  کی عبادت کرو، اسے لاشریک سمجھو، پانچ نمازیں پڑھو، سنو اور اطاعت کرو، ایک بات آپ نے آہستہ کی، پھر فرمایا: اور لوگوں سے کسی چیز کا 
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…الزہد لہناد ، باب المتحابین،۱/۲۷۷، الحدیث۴۸۹ و تاریخ مدینہ دمشق ،۶۱/۱۳۹
2…شرح السنۃ ، کتاب الرقاق، باب التوکل علی اللہ  ، ۷/۳۳۰، الحدیث ۴۰۰۶، ملخصاً
3…شعب الایمان، الحادی والسبعون۔۔۔الخ، باب فی الزھد۔۔۔الخ، ۷/۲۹۵، الحدیث ۱۰۳۶۶
4…ابن ماجہ ، کتاب الزھد، باب الورع والتقوی، ۴/۴۷۶، الحدیث ۴۲۱۷
5…مسند احمد، حدیث ابی ایوب الانصاری ، ۹/۱۳۰، الحدیث ۲۳۵۵۷