Brailvi Books

مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب
228 - 676
 و مسرت بکھیرتی ہے اور کبھی غم و اندوہ سے ہمکنار کردیتی ہے، اس کی حالتیں مختلف ہیں ، یہ ادلتی بدلتی رہتی ہے، اس میں آرام قابلِ مذمت اور وسعتِ مال ناپائیدار ہے، یہ اپنے بسنے والوں کو تیروں کی طرح کمان سے نکال کر نشانوں پر مارتی رہتی ہے اور انہیں موت سے ہمکنار کرتی رہتی ہے۔  
	ہر کسی کی موت کا وقت مقرر ہے اور ہر شخص کو پورا رزق دیا جاتا ہے اور اے بندگانِ خدا! باخبر رہو، تم اس راستے کے راہی ہو جس پر تم سے پہلے طویل عمروں والے گزر چ کے ہیں ، وہ تم سے زیادہ طاقتور، بہترین کاریگر اور عمدہ یادگاریں چھوڑنے والے تھے مگر دنیا کے انقلاب میں ان کی آوازیں خاموش ہوگئیں ، ان کے جسم بوسیدہ، شہر ویران اور یادگاریں مٹ گئیں اور مضبوط محلات اور مسرت کے بدلہ میں انہیں پتھروں کے تکیے ملے اور پتھروں سے تیار شدہ قبریں ان کا مدفن بنیں ، ان کے ٹھکانے قریب ہیں لیکن ان کے مکین دور کے ہیں ، وہ اپنے قبیلہ سے علیحدہ اور اہلِ محلہ سے بے پرواہیں ، ان کا آبادی سے کوئی تعلق نہیں ، عزیزوں اور پڑوسیوں کے قریب ہوتے ہوئے بھی ان کا باہم کوئی میل ملاپ نہیں ہے اور میل ملاپ ہو بھی کیسے سکتا ہے، انہیں مصائب کی چکیوں نے پیس دیا ہے اور نمناک مٹی اور پتھر انہیں کھا گئے ہیں ، وہ چند روزہ زندگی گزار کر مرگئے، ان کی خوشحالی قصۂ پارینہ بن گئی، انکی موت پر ان کے عزیز روئے اور وہ مٹی کے نیچے جا سوئے، انہوں نے دنیا سے کوچ کیا، اب انہیں واپس نہیں آنا ہے، افسوس! صد افسوس! گویا وہ ایک حکم سے جو قائل کی زبان سے نکل چکا، اب لوٹ کر کس طرح آسکتا ہے اور ان کے سامنے قیامت کے دن تک عالم برزخ ہے، گویا تم بھی ویسے ہی ہو جیسے وہ ہوچ کے، وہی دکھ، وہی قبر میں تنہائی ہے، تم ان قبروں کے گروی ہو اور انہیں میں تمہیں رہنا ہے، تم پر کیا بیتے گی اگر تم ان باتوں کو دیکھ لو جب قبریں کھولیں جائیں گی، دلوں کے راز سامنے ہوں گے اورتم اعمال کی جزا حاصل کرنے کے لئے رب تعالیٰ کے حضور کھڑے ہو گے، گزشتہ گناہوں پر تمہارے جگر پھٹنے کو ہوں گے، تمام پردے ہٹ جائیں گے اور تمام گناہ اور راز کی باتیں تمہارے سامنے ہوں گی، تب ہر ایک کو اس کے اعمال کا بدلہ دیا جائے گا۔
	فرمانِ الٰہی ہے:  ’’تاکہ برے اپنی برائیوں کی سزا اور نیک اپنی اچھائیوں کی جزا پائیں۔‘‘(1)
	  مزید فرمایا کہ ’’  نامۂ اعمال رکھے جائیں گے ہر نیک و بد اسے دیکھے گا۔‘‘(2)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…ترجمۂکنزالایمان: تاکہ برائی کرنے والوں کو ان کے کئے کا بدلہ دے اور نیکی کرنے والوں کو نہایت اچھا صلہ عطا فرمائے۔  (پ۲۷، النجم  :۳۱)
2…ترجمۂکنزالایمان: نامۂ اعمال رکھا جائے گا توتم مجرموں کو دیکھو گے کہ اس کے لکھے سے ڈرتے ہوں گے ۔ (پ۱۵، الکھف : ۴۹)