Brailvi Books

مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب
171 - 676
{1}…خرچ کرتا رہ اور کمی کا خوف نہ کر، اللہ تَعَالٰی نے بندوں کے رزق بانٹ دیئے ہیں ۔ 
{2}… دنیا سے جاتے ہوئے بخل کوئی فائدہ نہ دے گا اور سخاوت کوئی نقصان نہ پہنچائیگی۔
	ایک اور شاعر کا قول ہے:   ؎
اری الناس خلان الجواد فلا اری		بخیلا   لہ   فی  العالمین  خلیل
وانی رایت البخل یزری باھلہ		فاکرمت نفسی ان یقال بخیل
{1}… میں نے لوگوں کو اہلِ سخاکا دوست پایا ہے مگر دو عالم میں بخیل کا کسی کو دوست نہیں دیکھا۔
{2}…میں نے دیکھا ہے کہ بخل بخیلوں کو ذلیل و خوار کرتا ہے لہٰذا میں نے بخل سے کنارہ کشی کرلی۔
	بخیل کی ذلت کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ دوسرے کے لئے مال جمع کرتا ہے، خرچ کرنے سے تکلیف محسوس کرتا ہے اور اس کی فراوانی سے لطف اندوز نہیں ہوتا ایسے آدمیوں کے لئے حضرت وکیع کا قول ہے:   ؎ 
لئیم      لایزال      یلم     وقرا			لوارثہ    ویدفع    عن    حماہ
ککلب الصید یمسک وھو طاو			فریستہ       لیا کلھا      سواہ
{1}…بخیل ہمیشہ اس کے وارثوں کے لئے مال اکٹھا کرتا ہے اور اس کی حفاظت کرتا ہے۔
{2}…شکاری کتے کی طرح ہے جو بھوکا ہونے کے باوجود شکار کی حفاظت کرتا ہے تاکہ اسے دوسرے کھائیں ۔ 
	ایک ضرب المثل ہے کہ بخیل کے مال کی آنے والے وارث کو خوشخبری دے دو۔ امامِ ابوحنیفہ رَضِیَ اللہُ عَنْہ  کا قول ہے: میں بخیل کا فیصلہ نہیں کرسکتا کیونکہ وہ اپنے بخل کی وجہ سے اپنے حق سے زیادہ لینے کی کوشش کرتا ہے اور ایسا آدمی امانت دار نہیں ہوتا۔
ابلیسِ لعین بخل کو پسند کرتا ہے:
	حضرتِ یحییٰ عَلَیْہِ السَّلَام نے پوچھا: تجھے کونسا آدمی پسند ، کونسا ناپسند ہے؟ ابلیس نے کہا: مجھے مومن بخیل پسند ہے مگر گنہگار سخی پسند نہیں ؟ آپ نے پوچھا: وہ کیوں ؟ ابلیس نے کہا: اس لئے کہ بخیل کو تو اس کا بخل ہی لے ڈوبے گا مگر فاسق سخی کے متعلق مجھے یہ خطرہ ہے کہ کہیں اللہ تَعَالٰی اس کے گناہوں کو اسکی سخاوت کے باعث معاف نہ فرمادے۔ پھر ابلیس جاتے ہوئے کہتا گیا کہ اگر آپ یحییٰ پیغمبر نہ ہوتے تو میں (راز کی یہ باتیں ) کبھی نہ بتلاتا۔