کہ راہِ خدا کے مسافر اسلامی بھائی مسجد کے ادب و احترام کے معاملے میں انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔ امیرقافلہ مسجد کی صفائی، صفوں کی درستی، ضرورت سے زائد چلنے والے پنکھے اور لائٹیں بند کرنے کے لیے شرکائے مدنی قافلہ میں سے ایک عاشقِ رسول اسلامی بھائی کو مقرر فرما دیتے ہیں اور بالخصوص مدنی قافلے کی واپسی پر تمام عاشقانِ رسول مل کر مسجد کی مکمل صفائی کی سعادت حاصل کرکے خوب برکتیں پاتے ہیں جیساکہ مدنی بہار میں آپ نے ملاحظہ فرمایا کہ مسجد کی صفائی کی برکت سے فالج زدہ عاشقِ رسول صحت یاب ہو گئے۔ ہمیں بھی مسجد کی صفائی کو اپنے لئے سعادت سمجھنا چاہئے کہ متعدد احادیث مبارکہ میں اس کی ترغیب ارشاد فرمائی گئی چنانچہ
حضرت سیدنا ابو سعید خدری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ خَاتَمُ الْمُرْسَلِیْن، رَحْمَۃُ لِّلْعٰلَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ وَسَلَّم نے فرمایا:جو مسجد سے تکلیف دہ چیز نکالے گا اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا۔
(ابن ماجہ، کتاب المساجد والجماعا ت، باب تطھیر المساجد،۱/ ۴۱۹، حدیث:۷۵۷)
حضرت سیدنا ابوقِرْصَافَہْ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ میں نے تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخزنِ جود و سخاوت صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ وسَلَّمکو فرماتے ہوئے سنا کہ ’’مسجدیں بناؤ اور ان میں سے گرد و غبار نکال دیا کرو کہ جواللہ عَزَّوَجَلَّ کی رضا کیلئے مسجد بنائے گا اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا۔‘‘