ڈنک مچھر کا بھی مجھ سے تو سہا جاتا نہیں
قبر میں بچھو کے ڈنک کیسے سہوں گا یاربّ (وسائلِ بخشش)
شَہْد کی مکھی کے کاٹے کا علاج
سُوال:شَہْد کی مکّھی جب کاٹتی ہے تو شدید دَرْد ہوتا ہےاس کا علاج اِرشاد فرما دیجیے۔
جواب: شَہْد کی مکّھی اور دیگر کیڑے مکوڑوں کے کاٹے کے 9 علاج پیشِ خدمت ہیں:
(1) شَہْد کی مکّھی جب کاٹ لے تو فوراً اپنا یا کسی مسلمان کا تھُوک لگا لیں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ دَرْد میں کمی آجائے گی بلکہ ہر قِسم کے کیڑے مکوڑے حتّٰی کہ سانپ اور بچھو کے کاٹے پر بھی اِنسانی تھوک لگانا مُفید ہے۔
(2) سانپ ،بچھو، شَہْد کی مکھی یا کوئی سا بھی زَہریلا جانور کاٹ لے، تو پانی میں نمک ملا کر ڈَنک کی جگہ پر لگایئے بلکہ ممکِن ہو تو وہ جگہ اُس نمک والے پانی میں ڈَبو دیجیے اور مُعَوَّذَتَیْن یعنی سورۃُ الْفَلَق اور سورۃُ النَّاس پڑھ کر دم کیجیے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ زَہر کا اثر زَائل ہو جائےگا۔
(3) اگر آپ ایسی جگہ رہتے ہیں جہاں شَہْد کی مکھیاں یا بچھو ہوتے ہیں تو پیاز کا رس 3 تولہ (تقریباً 35گرام)،اَن بجھا چونا 4گرام،نوشادر ایک تولہ (تقریباً 12 گرام) باہم ملا کر نِتھار (چھان) کر اپنے پاس محفوظ کر لیجیے اور بوقتِ ضَرورت بچھو اور شَہْد کی مکّھی کے کاٹنے کے مقام پر لگائیے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ فائدہ ہو گا۔