مَدَنی چینل ’’پیغام ِحق ‘‘ کو عام کرنے کا مؤثر ذریعہ
حق وباطل کامقابلہ انسان کی آفرینش (پیدائش)سے جاری ہے ،حضرت سیِّدُنا آدم صفی اللہ عَلٰی نَبِیِّناوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلامکے مقابلے میں ابلیس، حضرت ہابیل رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے مقابلے میں قابیل ،حضرت سیِّدُنا ابراہیم عَلٰی نَبِیِّناوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کے مقابلے میں نمرود،حضرت سیِّدُنا موسیٰ عَلٰی نَبِیِّناوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلامکے مقابلے میں فرعون اورہمارے پیارے پیارے آقا حضرت محمدمصطفٰیصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مقابلے میں ابولہب وابوجہل وغیرہ۔ اس طرح ہرزمانہ میں باطِل مختلف اشخاص اور صورتوں میں حق سے نبرد آزما رہا ہے لیکن فتح ہمیشہ حق کو حاصل ہوئی اورباطِل کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:{وَقُلْ جَاءَ الْحَقُّ وَزَہَقَ الْبَاطِلُط اِنَّ الْبَاطِلَ کَانَ زَہُوْقًا0 (پ۱۵بَنِی اِسراء یل۸۱)} امام اہلسنّت ،اعلیٰ حضرت ، مجدِّد دین وملّت مولانا شاہ امام احمد رضا خانعلیہ رحمۃ الرحمن اپنے شہرۂ آفاق ترجمۂ قرآن کَنزُالایمان میں اس کا ترجَمہ یوں فرماتے ہیں : ’’اورفرماؤ کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا۔ بے شک باطل کو مٹنا تھا۔‘‘