امیر اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ نے دعوتِ اسلامی کے ذریعے نوجوان نسل کے دلوں کو خوفِ خدا جل جلالہ اور عشقِ مصطفیٰ صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّمسے روشن اور منور کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اِن نوجوانوں کے جسم پر شریعت کے جامے اور سروں پر سنّت کے عمامے نظر آتے ہیں۔اسی طرح اب مَدَنی چینل کی ابتداء بھی قابلِ صد مبارک باد کارنامہ ہے، جس کی وجہ سے پوری دنیا میں اِنْ شَآءَ اللہُ العَزِیز محبتِ رسول صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّمکی خوشبو پھیلے گی۔ا س پُرفتن دور میں جب کہ بے شمار ٹی وی چینلز کفر و شرک ، بدمذہبی، بدعقیدگی، عریانی اور فحاشی کا زہر دن رات اُگل رہے ہیں ، میڈیا کی اس دوڑ میں ایسے اسلامی چینل کی اَشد ضرورت تھی جو مقدس دینِ اسلام کے خدائی اور مصطفائی رنگ کو پیش کرکے بھٹکی ہوئی انسانیت کو زندگی کے اصل مقصد کی دعوت دے اور ہر انسان اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے غلامی ٔرسول صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم میں زندگی گزار کر جب دنیا سے جائے تو زبانِ حال سے یہ کہتا ہوا جائے :لوگو! اس غلامیٔ رسول صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کے صدقے سے زندگی کی بازی ہار کے نہیں ،جیت کے جارہا ہوں اور تمہیں بھی دعوت دیتا ہوں کہ آؤ دیکھو!
رسولِ خدا کی غلامی میں کیا ہے؟ ذرا تم غلامی میں آ کر تو دیکھو