دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے سنّتوں بھرے بیانات اور آپ کے مرتب کردہ رسائل بڑے ہی مفید ہیں ، لہٰذاہمیں بھی اپنے گھروں میں ان روح پرور بیانات کو سننے کا اہتمام کرنا چاہئے، اس کی برکتیں آپ خود اپنے سر کی آنکھوں سے دیکھ لیں گے کہ کس طرح ایک ولی کامل کی پُرتاثیر زبان سے دی گئی نیکی کی دعوت سے اہل خانہ کے اخلاق و کردار میں نکھار آتا ہے اور گھر میں کیسامحبتوں بھرا مدنی ماحول قائم ہوتاہے۔
{6}ڈائجسٹ پڑھنے کی شائقہ
بابُ المدینہ (کراچی) کی اسلامی بہن اپنی داستانِ عشرت کچھ اس طرح سے سناتیں ہیں کہ میں غفلت میں ڈوبی ہوئی تھی، نیکیوں کی قدر و منزلت سے نابلد اپنی زِیست فضول کاموں میں ضائع کر رہی تھی، مجھے بچوں کی کہانیاں ، اخبارات، رسائل اور ڈائجسٹ وغیرہ پڑھنے کا جنون کی حد تک شوق تھا اگر کوئی ناول یا اخبار میرے ہاتھ لگ جاتا تو جب تک اسے مکمل پڑھ نہ لیتی مجھے چین نہ آتا، اسی طرح زندگی بیت رہی تھی، افسوس! میں اس مدنی فکر سے عاری تھی کہ میں دن بدن موت کے قریب ہوتی چلی جارہی ہوں ، ہر آنے والا دن میری زندگی سے کم ہوتا جا رہا ہے، کل بروزِ قیامت اپنی زندگی بھر کے معاملات کا حساب دینا ہے۔