فتاویٰ رضویہ جلد نمبر۸(کتاب الصلٰوۃ) |
مسئلہ ۱۲۵۲: مسئلہ نواب سلطان احمد خاں صاحب بریلی ( سوال منظوم ) عالمانِ شرح سے ہے اس طرح میراسوال دیں جواب اس کا برائے حق مجھے وہ خوشخصال گرکسی نے ترجمہ سجدہ آیت کی پڑھا تب بھی سجدہ کرنا کیا اُس شخص پر واجب ہوا او ر ہوں سجدے تلاوت کے ادا کرنے جسے پھر ادا کرنے سے ان سجدوں کے پہلے وہ مرے پس سبکدوشی کی اس کے شکل کیا ہوگی جناب! چاہئے ہے آپ کو دینا جواب باصواب
الجواب منظوم ترجمہ بھی اصلی یہاں ہے وجہ سجدہ بالیقین فرق یہ ہے فہم معنی اس میں شرط اس میں نہیں آیت سجدہ سنی جاناکہ ہے سجدہ کی جا اب زباں سمجھے نہ سمجھے سجدہ واجب ہوگیا ترجمہ میں اس زباں کا جاننا بھی چاہئے نظم ومعنی دوہیں ان میں ایک تو باقی رہے تاکہ من وجہِ تو صادق ہو سنا قرآن کو ورنہ اک موجِ ہوا تھی چھو گئی جو کان کو ہے یہی مذہب بہ يفتٰی عليہ الاعْتِماَد شامی از فیض ونہر واﷲ اعلم بالرشاد سجدہ کا فدیہ نہیں اشباہ میں تصریح کی صیرفیہ میں اسی انکار کی تصحیح کی کہتے ہیں واجب نہیں اس پر وصیت وقت موت فدیہ گرہوتا تو کیوں واجب نہ ہوتا جبر فوت یعنی اس کا شرع میں کوئی بدل ٹھہر انہیں جز ادایا توبہ دقتِ عجز کچھ چارہ نہیں یہ نہیں معنی کہ جائز ہے یا بیکار ہے آخراک نیکی ہے نیکی ماحی اوزار ہے قُلتُہ، اَخْذَا مِّنَ التَّعْلَیْلِ فِیْ اَمْرَالصَّلٰوۃ وَھُوَ بٰحْثٌ ظَاھِرٌ وَالْعِلْمُ حَقاًّ لِلْاِلٰہ
مسئلہ ۱۲۵۳تا ۱۲۵۴: امانت علی شاہ قصبہ نواب گنج ضلع بریلی ۱۷ رمضان شریف ۱۳۳۱ھ (۱) اگر بے وضو تلاوت میں لفظ سجدہ آجائے تو بعد کو سجدہ کس طرح کرے؟ کیا بعد کو سجدہ کی نیت کرنا ہوگی یا اور کسی طرح سے ؟ بینوا توجروا (۲) اگر باوضو مصلے پر تلاوت کرتا ہو اور کلام مجید سامنے رکھا ہو اُس وقت لفظ سجدہ آئے تو کلام مجید علیحدہ رکھ کر سجدہ کرنا چاہئے یا اور کسی طرح سے، اور اگر علیحدہ رکھا جائے تو بند کرکے یا کھلا ہوا؟ بینوا توجروا
الجواب (۱) بعد کو بھی سجدہ اسی طرح کرنا ہوگا جیسا اس وقت کیا جاتا، یہ نیت ہر وقت کرنی ہوتی ہے کہ تلاوت کے سبب جو سجدہ مجھ پر واجب ہوا اُسے ادا کرتا ہوں، یہ سمجھ کر اﷲ اکبر کہتا ہوا کھڑے سے سجدہ میں جائے پھر اﷲ اکبر کہہ کر سجدہ سے سر اٹھائے، اس کے سوا اور کوئی نیت زبان سے نہیں کہی جاتی۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۲) اس کے لئے کوئی خاص حکم نہیں جو آسان ہو اور قرآن عظیم کے ادب کا لحاظ ضرور ہے اور سجدہ میں اس کا سامنے ہونا کوئی حرج نہیں۔ واﷲ تعالٰی اعلم
مسئلہ ۱۲۵۵: ۱۳۳۱ھ کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ اگر تراویح پڑھنے میں مقام سجدہ آگیا تو کیا امام سجدہ کر سکتا ہے یا نہیں؟
الجواب تراویح خواہ کسی نماز میں اگر آیت سجدہ پڑھے تو فوراً سجدہ واجب ہے تین آیت سے زیادہ دیر لگانہ گناہ ہے واﷲ تعالٰی اعلم