اب نہیں معلوم کہ حجور کے لئے سایہ ثابت نہ ہونے میں کلام کرنے والا آپ کے نور ہونے سے انکار کرے گا یا انوار کے لئے بھی سایہ مانے گا یا مختصر طور پر یوں کہئے کہ یہ تو بالیقین معلوم کہ سایہ جسم کثیف کا پڑتا ہے نہ جسم لطیف کا ، اب مخالف سے پوچھنا چاہئے تیرا ایمان گواہی دیتاہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کا جسم اقدس لطیف نہ تھا عیاذاً باللہ ، کثیف تھا اور جو اس سے تحاشی کرے تو پھر عدم سایہ کا کیوں انکار کرتاہے؟
بالجملہ جبکہ حدیثیں اوراتنے اکابر ائمہ کی تصریحیں موجود کہ اگر مخالف اپنے کسی دعوے میں ان میں سے ایک کا قول پائے ، کس خوشی سے معرض استدعلال میں لائے ، جاہلانہ انکار، مکاربرہ وکج بحثی ہے ، زبان ہر ایک کی اس کے اختیار میں ہے چاہے دن کو رات کہہ دے یا شمس کو ظلمات ، آخر کار مخالف جو سایہ ثابت کرتاہے اس کے پاس بھی کوئی دلیل ہے یا فقط اپنے منہ سے کہہ دیا جیسے ہم حدیثیں پیش کرتے ہیں اس کے پاس ہوں وہ بھی دکھائے ، ہم ارشادات علماء سند میں لاتے ہیں وہ بھی ایسے ہی ائمہ کے اقوال سنائے ، یا نہ کوئی دلیل ہے نہ کوئی سند ، گھر بیٹھے اسے الہام ہوا کہ حضور کا سایہ تھا۔
مجرد ماوشما پر قیاس تو ایمان کے خلاف ہے ع
چہ نسبت خاک را بہ عالم پاک
(مٹی کو عالم پاک سے کیا نسبت ۔ت)
وہ بشر ہیں مگر عالم علوی سے لاکھ درجہ اشرف اورجسم انسانی رکھتے ہیں مگر ارواح وملائکہ سے ہزارجگہ الطف ۔ وہ خود فرماتے ہیں:
لست کمثلکم۲
میں تم جیسا نہیں ۔
(۲المصنف لعبدالرزاق کتاب الصیام باب الوصال حدیث ۷۷۵۲المکتب الاسلامی بیروت ۴ /۲۶۷)
(صحیح البخاری کتاب الصوم باب الوصال قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۲۶۳)
(صحیح مسلم کتاب الصیام باب النہی عن الوصال قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۳۵۱و۳۵۲)
ویروٰی لست کھیئتکم ۳
میں تمہاری ہیئت پر نہیں۔
(۳صحیح مسلم کتاب الصیام باب النہی عن الوصال قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۳۵۱و۳۵۲)
( صحیح بخاری کتاب الصوم باب الوصال قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۲۶۳و۲۶۴)
ویروٰی ، ایکم مثلی۱
تم میں کون ہے مجھ جیسا۔
(۱صحیح مسلم کتاب الصیام باب النہی عن الوصال قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۳۵۱)
(صحیح البخاری کتاب الصوم باب الوصال قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۲۶۳)
آخر علامہ خفاجی کا ارشاد نہ سنا کہ : ''حضور کا بشر ہونا نور رخشندہ ہونے کے منافی نہیں کہ اگر تو سمجھے تو وہ نور علی نور ہیں۲۔
(۲نسیم الریاض فی شرح شفاء القاضی عیاض فصل ومن ذالک ماظہر من الآیات الخ مرکز اہلسنت برکات رضا گجرات ہند ۳ /۲۸۲)
پھر صرف اس قیاس فاسد پرکہ ہم سب کا سایہ ہوتاہے ان کے بھی ہوگا ، ثبوت سایہ ماننا یااس کی نفی میں کلام کرنا عقل وادب سے کس قدر دور پڑتا ہے ؎
الا ان محمد ابشرلاکالبشر
بل ھو یاقوت بین الحجر۳
(خبردار !محمد صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم بشرہیں مگر کسی بشر کی مثل نہیں ، بلکہ وہ ایسے ہیں جیسے پتھروں کے درمیان یاقوت ۔ ت)
( صلی اللہ تعالٰی علیہ وعلٰی اٰلہ واصحابہ اجمعین وبارک وسلم )
(۳افضل الصلٰوۃ علی سید السادات فضائل درود مکتبہ نبویہ ، لاہور ص۱۵۰)
فقیر کو حیرت ہے ان بزرگواروں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے معجزات ثابتہ وخصائص صحیحہ کے انکار میں اپنا کیا فائدہ دینی ودنیاوی تصور کیا ہے ، ایمان بے محبت رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے حاصل نہیں ہوتا ۔ وہ خود فرماتے ہیں:
لایؤمن احد کم حتی اکون احب الیہ من والدہ و ولد والناس اجمعین۴ ۔
تم میں سے کوئی مسلمان نہیں ہوگاجب تک میں اسے اس کے ماں باپ ،اولاد اورسب آدمیوں سے زیادہ پیارا نہ ہوں۔
(۴صحیح البخاری کتاب الایمان باب حب الرسول صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۷)
(صحیح مسلم کتاب الایمان باب وجوب محبۃ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۴۹)
اورآفتاب نیم روز کی طرح روشن کہ آدمی ہمہ تن اپنے محبوب کے نشر فضائل وتکثیر مدائح میں مشغول رہتاہے ، سچی فضیلتوں کا مٹانا اورشام وسحر نفی محاسن کی فکر میںہونا کام دشمن کا ہے نہ کہ دوست کا۔
جان برادر!تو نے کبھی سنا ہے کہ تیرامحب تیرے مٹانے کی فکر میں رہے ، اورپھر محبوب بھی کیسا،جان ایمان وکان احسان ، جسے اس کے مالک نے تمام جہان کے لئے رحمت بھیجا اوراس نے تمام عالم کا بارتن نازک پر اٹھالیا ۔
تمہارے غم میں دن کاکھانا ، رات کا سونا ترک کردیا۔ تم رات دن لہو ولعب اور ان کی نافرمانیوں میں مشغول ، اوروہ شب وروز تمہاری بخشش کے لئے گریاں وملول۔
جب وہ جان رحمت وکان رأفت پیداہوا بارگاہ الٰہی میں سجدہ کیا
ارب ھب لی امتی۔
(یا اللہ !میری امت کو بخش دے ۔ ت)
جب قبر شریف میں اتار الب جاں بخش کو جنبش تھی ، بعض صحابہ نے کان لگا کر سنا ،آہستہ آہستہ
امتی ۔
(میری امت۔ت) فرماتے تھے ،
قیامت میں بھی انہیں کے دامن میں پناہ ملے گی، تمام انبیاء علیہم السلام سے
نفسی نفسی اذھبواالی غیری۳
(آج مجھے اپنی فکر ہے کسی اور کے پا س چلے جاؤ ۔ ت) سنو گے اوراس غمخوار امت کے لب پر
یارب امتی۴
(اے رب !میری امت کو بخش دے۔ ت)کا شورہوگا۔
(۳صحیح مسلم کتاب الایمان باب اثبات الشفاعۃ الخ قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۱۱۱)
(۴صحیح مسلم کتاب الایمان باب اثبات الشفاعۃ الخ قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۱۱۱)
بعض روایات میں ہے کہ حضور ارشاد فرماتے ہیں : جب انتقال کروں گا صور پھونکنے تک قبر میں امتی امتی پکاروں گا۔ کان بجنے کا یہی سبب ہے کہ وہ آواز جانگداز اس معصوم عاصی نواز کی جو ہروقت بلند ہے ، گاہے ہم سے کسی غافل ومدہوش کے گوش تک پہنچتی ہے ، روح اسے ادراک کرتی ہے ، اسی باعث اس وقت درود پڑھنا مستحب ہوا کہ جو محبوب ہرآن ہماری یا دمیں ہے ، کچھ دیر ہم ہجراں نصیب بھی اس کی یاد میں صَرف کریں۔
وائے بے انصافی !ایسے غمخوار پیارے کے نام پر جاں نثارکرنا اوراس کی مدح وستائش ونشر فضائل سے آنکھوں کی روشنی ، دل کو ٹھنڈک دینا واجب یا یہ کہ حتی الوسع چاند پر خاک ڈالے اوربے سبب ان کی روشن خوبیوں میں انکار نکالے۔
اے عزیز!چشم خرد بین میں سرمہ انصاف لگااورگوش قبول سے پنبہ اعتساف نکال، پھر یہ تمام اہل اسلام بلکہ ہر مذہب وملت کے عقلاء سے پوچھنا ، پھر اگر ایک منصف ذی عقل بھی تجھ سے کہہ دے کہ نشر محاسن وتکثیر مدائح نہ دوستی کا مقتضٰی نہ رد فضائل ونفی کمالات غلامی کے خلاف، تو تجھے اختیار ہے ورنہ خدا ورسول سے شرمااوراس حرکت بے جا سے باز آ ، یقین جان لے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کی خوبیاں تیرے مٹائے نہ مٹیں گی۔
جان برادر! اپنے ایمان پر رحم کر ، سمجھ ، دیکھ کر خداسے کسی کا کیا بس چلے گا، اورجس کی شان وہ بڑھائے اسے کوئی گھٹا سکتاہے ، آئندہ تجھے اختیار ہے ، ہدایت کا فضل الٰہی پر مدار ہے ۔
ہم پر بلا غ مبین تھا ، اس سے بحمداللہ فراغت پائی ،ا ور جواب بھی تیرے دل میں کوئی شک وشبہ یاہمارے کسی دعوے پردلیل یا کسی اجمال کی تفصیل درکاہوتو فقیر کا رسالہ مسمّٰی بہ''قمر التمام فی نفی الظل عن سید الانام''علیہ وعلٰی اٰلہ الصلٰوۃ والسلام ، جسے فقیر نے بعد وروداس سوال کے تالیف کیا،مطالعہ کرے ، ان شاء اللہ تعالٰی بیان شافی پائے گا اورمرشد کافی ، ہم نے اس رسالہ میں اس مسئلہ کی غایت تحقیق ذکر کی ہے اورنہایت نفیس دلائل سے ثابت کردیا ہے کہ حضورسراپا نور تابندہ درخشندہ ذی شعاع واضاء ت بلکہ معدن انواروافضل مضیئات بلکہ درحقیقت بعد جناب الٰہی نام''نور''انہیں کو زیبا، اوران کے ماوراء کو اگر نور کہہ سکتے ہیں توانہیں کی جناب سے ایک علاقہ وانتساب کے سبب ، اوریہ بھی ثابت کیا ہے کہ ثبوت معجزات صرف اسی پر موقوف نہیں کہ حدیث یا قرآن میں بالتصریح ان کا ذکر ہوبلکہ ان کے لئے تین طریقے ہیں ، اوریہ بھی بیان کردیا ہے پیشوایان دین کا داب ان معاملات میں ہمیشہ قبول وتسلیم رہاہے ۔ اگرکہیں قرآن وحدیث سے ثبوت نہ ملا تو اپنی نظر کا قصور سمجھا ، نہ یہ کہ باوجود ایسے ثبوت کافی کے کہ حدیثیں اورائمہ کی تصریحیں اورکافی دلیلیں ، سب کچھ موجود ،پھر بھی اپنی ہی کہے جاؤ ، انکار کے سواکچھ زبان پر نہ لاؤ ، اور اس کے سوا اور فوائد شریفہ وابحاث لطیفہ ہیں، جو دیکھے گا ان شاء اللہ تعالٰی لطف جانفزا پائے گا ،
ولا حول ولا قوۃ الاباللہ العلی العظیم وصلی اللہ تعالٰی علٰی سیدنا ومولٰنا محمد واٰلہ واصحابہ واصھارہٖ وانصارہٖ واتباعہ اجمعین الٰی یوم الدین اٰمین والحمدللہ رب العٰلمین ۔