Brailvi Books

فتاویٰ رضویہ جلد نمبر ۲۹(کتاب الشتّٰی )
124 - 157
مسئلہ ۱۸۳: مسئولہ احمد علی معمار محلہ برہی،  روز پنچشنبہ تاریخ ۹ محرم ۱۳۳۴ھ

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین اس مسئلہ میں کہ ایک شخص امام مسجد شیرینی اور کھانے کی چیزوں پر فاتحہ پڑھنے سے انکار کرتا ہے۔ اور عذر یہ پیش کرتا ہے کہ فاتحہ دی ہوئی چیز کا اگر کچھ حصہ زمین پر گر گیا یا اور کسی قسم کی بے ادبی ہوئی تو فاتحہ دینے والا گنہگار ہوگا۔ ایسے شخص پر شرعاً کوئی عذاب یا ثواب ہوسکتا ہے یا نہیں؟
الجواب : اس کا یہ خیال باطل اور یہ عذر لاطائل ہے،  زمین پر بلاقصد ِ گرجانے میں کچھ گناہ کسی کے ذمہ نہیں،  اور اگر کوئی وہابی یا رافضی معاذ اﷲ قصداً بے ادبی کرے تو اس کا گناہ اس کے سر کیوں باندھا جائے۔
  قال اﷲ تعالٰی :
ولا تزر وازرۃ وزر اُخرٰی  ۱ ؎۔
اورکوئی بوجھ اٹھانے والی جان دوسرے کا بوجھ نہ اٹھائے گی۔(ت)
 ( ۱ ؎ القرآن الکریم ۶/ ۱۶۴)
ہاں اگر دینے الا جان کر وہابی یا رافضی اور کسی کافر کو دے تو وہ بے ادبی کہ یہ لوگ کریں اس دینے والے کی طرف عائد ہوگی۔ شخصِ مذکور اگر واقعی یہ عقیدہ رکھتا ہے جو زبان سے کہا تو قرآن مجید کا مخالف ہے کماتلونا۔ ورنہ ظاہر یہ ہے کہ وہ باطن میں فاتحہ اولیاء کرام کا منکر ہے۔ اور براہِ تقیہ یہ عذر بے ہودہ گھڑتا ہے۔ دونوں صورتوں میںیہ شخص مستحق عذاب ہے۔ واﷲتعالٰی اعلم۔
مسئلہ ۱۸۴: مسئولہ جناب حکیم مقیم الدین صاحب بہیڑی ضلع بریلی ۱۱رجب المرجب ۱۳۳۴ھ 

کیا فرماتے ہیں علمائے دینِ و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ میں کہ جب نیکی بدی میزان میں تولینگی تو نیکی کا پلہ بھاری ہوگا یا بدیوں کا،  کیونکہ قاعدے سے جب نیکیاں زیادہ ہوں نیکیوں کا پلہ بھاری اور نیچا ہوگا اور بدیاں زیادہ ہوں تو بدی کا پلہ بھاری اور نیچا ہونا چاہیے،  اور کتابوں میں لکھا بھی ایسا ہی ہے کہ جب نیکیاں زیادہ ہوں گی تو نیکوں کاپلہ بھاری ہوگا اور جھکے گا تو کیا واقعی نیکیاں زیادہ ہوں گی تو نیکیوں کا پلہ بھاری ہوگا۔ مفصل بیان ہو کیونکہ نیکیاں بمقابلہ گناہوں کے ہلکی ہونا چاہیں۔
الجواب : وہ میزان یہاں کے ترازو کے خلاف ہے وہاں نییکوں کا پلہ اگر بھاری ہوگا تو اُوپر اُٹھے گا اور بدی کا پلہ نیچے بیٹھے گا۔
قال اﷲ تعالٰی عزوجل : الیہ یصعد الکلم الطیب والعمل الصلح یرفعہ ۱ ؎۔
اسی کی طرف چڑھنا ہے پاکیزہ کلام اور جو نیک کام ہے وہ اس کو بلند کرتا ہے۔(ت)
 ( ۱ ؎ القرآن الکریم ۳۵/ ۱۰)
مسئلہ ۱۸۵ :  از گونڈل علاقہ کا ٹھیاروار مسئولہ عبدالستار بن اسمعیل بروز سہ شنبہ تاریخ ۱۳ رجب المرجب ۱۳۳۴ھ

بعض متصوفہ زندیقہ جو زید،  عمر،  بکر یہ وہ سب کا خدا ہی خدا کہتے ہیں وہ یہ دلیل لاتے ہیں کہ اس وجہ سے منصور نے دعوٰی
انا الحق
کا کیا،  بایزید بسطامی رحمۃ اﷲ تعالٰی علیہ نے اسی لیے
سبحانی ما اعظم شانی
 ( میں پاک ہوں اورکتنی عظیم میری شان ہے۔ت) فرمایا۔ اور شمس تبریزی نے اسی وجہ سے
قم باذنی
 ( اٹھ میرے حکم سے ۔ت) کہہ کر مردہ زندہ کیا۔ اب عرض یہ ہے کہ کیا واقعی یہ کلمات اوپر کے بزرگوں سے صادر ہوئے ہیں؟ اور کیا اس صوفی زندیق کا یہ کہنا صحیح ہے؟ اور اگر ہے تو کیا یہ کلمات عندالشرع مردود ہیں یا نہیں؟ اور اگر مردود ہیں تو اُوپر کے تینوں بزرگوں کے ساتھ اہلِ سنت و جماعت کس طرح کا عقیدہ رکھیں؟
الجواب الملفوظ

اُن زنادقہ کا یہ قول کفر صریح ہے اور ان کے قول کی صحت کا شک واقع ہونا سائل کے ایمان کا مضر ہے تجدیدِ اسلام چاہیے،  وہ تینوں حضرات کرام اکابر اولیائے عظام سے ہیں۔ قدسنا اﷲ باسرار ھم ،  حضرت شمس تبریزی قدس سرہ،  سے یہ کلمہ ثابت نہیں،  اور ثابت ہو تو معاذ اﷲ اُسے ادعائے الوہیت سے کیا علاقہ ! ایسی اضافات مجازیہ شائع ہیں۔

حضرت حسین منصور انا الحق نہیں کہتے تھے بلکہ انا  الاحق ( میں ہی احق ہوں۔ت) ابتلائے الہی کے لیے سامعین کی فہم کی غلطی تھی ان کی بہن اکابر اولیائے کرام سے تھیں۔ ہر روز اخیر شب میں جنگل کو تشریف لے جاتیں اور عبادتِ الہی میں مشغول ہوجاتیں ،  ایک رو زحضرت حسین منصور کی آنکھ کھلی اور بہن کو نہ پایا،  شیطان نے شبہہ ڈالا۔ دوسری رات قصداً جاگتے رہے،  جب وہ اپنے وقتِ معمول پر اٹھ کر باہر چلیں یہ آہستہ اٹھ کر پیچھے ہولیے،  وہ جنگل میں پہنچیں اور عبادت میں مشغول ہوئیں۔ یہ پیڑوں کی آڑ میں چھپے دیکھتے تھے،  قریبِ صبح انہوں نے دیکھا کہ آسمان سے سونے کی زنجیر میں یاقوت کا جام اُترا اور وہ ان کی بہن کے دہن مبارک کے پاس آگیا۔ 

انہوں نے پینا شروع کیا،  یہ بے چین ہوئے اورچلا کر کہا۔ بہن ! تمہیں خدا کی قسم تھوڑا میرے لیے بھی چھوڑ دو۔ انہوں نے صرف ایک جرعہ ان کے لیے چھوڑا جس کے پیتے ہی ان کو ہر شجر و حجر و درو دیوار سے آواز آنے لگی کہ کون اس کا زیادہ احق ہے کہ ہماری راہ میں قتل کیاجائے ؟ یہ اس کا جواب دیتے انا  الاحق بے شک میں احق ہوں۔ لوگوں نے کچھ سنا اور جو منظور تھا واقع ہوا۔
حضرت سیّدی بایزید بسطامی رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اُس سوال کا خود جواب ارشاد فرمادیا،  فرمایا : میں نہیں کہتا وہ فرماتا ہے جسے فرما نازیبا ہے،  سائلوں نے اس پر دلیل چاہی۔ فرمایا : تم سب ایک ایک خنجر ہاتھ میں لے کر بیٹھ جاؤ اور جس وقت مجھے ایسا کہتے سنو بے تامل خنجر مارو کہ ایسے قائل کی سزا قتل ہے انہوں نے ایسا ہی کیا۔ جب حضرت پر حالت وارد ہوئی اور وہی کلمہ نکلا اُن سب نے بے مہابا خنجر مارے۔ جس نے جس جگہ کے قصد پر خنجر مارا تھا خود اس کے اسی جگہ لگا۔ جب حضرت کو افاقہ ہوا ملاحظہ فرمایا کہ وہ سب گھائل پڑے ہیں ۔ فرمایا : میں نہ کہتا تھا کہ میں نہیں کہتا وہ کہتا ہے جس کا کہنا بجا ہے،  سیدنا موسٰی کلیم علی نبینا وعلیہ الصلوۃ والتسلیم نے کوہِ طور پر اُس درخت میں سے ندا سنی کہ
یا موسٰی انی انا اﷲ رب العلمین، ۱؂۔
 ( اے موسٰی میں ہوں ،  اﷲ رب سارے جہانوں کا، ت) کیا یہ درخت نے کہا تھا،
(۱؂ القرآن الکریم    ۲۸/ ۳۰)
حاشا بلکہ رب العالمین نے درخت پر تجلی فرمائی اور حضرت کلیم کو اُس میں سے ندا مسموع ہوئی،  کیا وہ ایک درخت پر تجلی فرماسکتا ہے۔ اور بایزید  پر نہیں؟ کیا محال ہے کہ بایزید پر تجلی کرے اور
سبحانی ما اعظم شانی  ۲ ؎۔
 (میں پاک ہوں اور کتنی عظیم میری شان ہے۔ت) اور لوگوں کو ان میں سے ندا آئے۔
 (۲؂تذکرۃ الاولیاء (اردو) شیخ فریدالدین عطار      ملک اینڈ کمپنی  اردو بازار  لاہور   ص ۸۳  )
حضرت مولوی معنوی قدس اﷲ سرہ الشریف فرماتے ہیں۔ ایک جِن جس پر تسلط کرتا ہے اس کی زبان سے کلام کرتا ہے اس کے جوارح سے کام کرتا ہے۔۳ ؎۔ کیا تمہارے نزدیک رب عزوجل ایسا نہیں کرسکتا۔ کلام اس کا ہے اور زبان بایزید کی،  بایزید شجرہ موسٰی ہیں اور متکلم وہ جس نے فرمایا
اانی انا اﷲ رب العلمین ۔ فللّٰہ الحجۃ البالغۃ ۔ واﷲ تعالٰی اعلم "
 (۳؂ مثنوی معنوی      دفتر چہارم قصہ سبحانی ما اعظم شانی     مؤسسۃ انتشارات اسلامی لاہور    ۴/ ۲۰۵)
مسئلہ ۱۸۶: علمائے عظام و مشائخ کرام نے منصورکو کیوں سُولی دی؟ اگر بوجہ کفر سُولی دی گئی ہے تو کیا منصور کو اب مسلمان اور کاملین میں سے شمار کریں یا اُن کی نسبت کیا عقیدہ رکھیں؟
الجواب الملفوظ 

ظاہر مسموع اُن کا کلام سے وہ تھا جس پرشرعاً تعزیر قتل ہے لہذا حکمِ شرع پورا کیا گیا ؂
نہ برحکم شرع آب خوردن خطاست

دگر خون بہ فتوے بریزی رواست ۴ ؎۔
 (کیا ایسا نہیں شرع کے حکم کے بغیر پانی پینا گناہ ہے،  اور اگر شرعی فتوٰی کے ساتھ توخون بہائے تو جائز ہے۔ت)
 (۴؂ بوستانِ سعدی باب اول پہلی گفتار  مکتبہ شرتت علمیہ ملتان      ص ۲۹)
Flag Counter