Brailvi Books

فتاویٰ رضویہ جلد نمبر۲۳(کتاب الحظر والاباحۃ)
166 - 190
مسئلہ ۳۲۱: کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایک رنڈی یہ چاہتی ہے کہ مجھ کو کلام مجید کوئی نیک بخت صالح پڑھادیاکرے، اور اس کو بہت شوق ہے اور منت عاجزی کرتی ہے کہ کلام الٰہی صحیح طور پر پڑھ جائے، اس صورت میں اس کو پڑھانا یا وہ کچھ نذرکرے اس کو لیناجائز ہوگا یانہیں؟ بینواتوجروا(بیان فرمائیے اور اجرپائیے۔ت)
الجواب: جوشیطان کو دورسمجھتاہے شیطان اس سے بہت قریب ہے، وہ مستحب چاہتی ہے اور حرام نہیں چھوڑتی یہ بھی شیطان کامکر ہے۔ واﷲ تعالٰی اعلم۔
مسئلہ ۳۲۲: ازسنبھل محلہ کوٹ ضلع مرادآباد مرسلہ حافظ اکرام صاحب ۲۷صفر۱۳۳۲ھ 

کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ عالم بے عمل جاہل باعمل سے فضیلت میں زیادہ ہے یانہیں؟ بیّنواتوجروا
الجواب: جاہل، عالم کی فضیلت کونہیں پہنچ سکتا جبکہ وہ عالم عالم دین ہو۔
قال اﷲ تعالٰی قل ھل یستوی الذین یعلمون والذین لایعلمون۱؎
 (اﷲ تعالٰی نے فرمایا) تم فرماؤ کیابرابرہوجائیں گے علم والے اور بے علم۔
 (۱؎ القرآن الکریم     ۳۹/ ۹)
جاہل بوجہ جہل اپنی عبادت میں سوگناہ کرلیتا ہے اور مصیبت یہ کہ انہیں گناہ بھی نہیں جانتا اورعالم دین اپنے گناہ میں وہ حصہ خوف وندامت کا رکھتاہے کہ اسے جلد نجات بخشتا ہے، ولہٰذا حدیث میں ارشاد ہوا کہ عالم کاہاتھ رب العزت کے دست قدرت میں ہے اگروہ لغزش بھی کرے تو اﷲ تعالٰی جب چاہے اسے اٹھالے گا۔ واﷲ تعالٰی اعلم۔
مسئلہ ۳۲۳: مسئولہ نجف خاں طالب علم مدرسہ     ۲۸ربیع الاول ۱۳۳۲ھ

کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ مسلمان بچیوں کو ضروری دینی تعلیم قرآن مجید کاترجمہ، مسئلہ مسائل کی کتابیں اور بقدر حاجت حساب واصول حفظان صحت جس سے ان کو اپنے بچوں کی داشت ونگہداشت میں مدد ملے پردہ کی سخت نگرانی کے ساتھ مسلمان دیندار پابندصوم وصلوٰۃ معلمہ کے ذریعہ سے پڑھانا شرعاً جائزہے یانہیں؟ بیّنواتوجروا۔
الجواب: عقائد اہلسنت ومسائل اہلسنت کی کتابیں پڑھائی جائیں، عقائدومسائل ضروریہ کی تعلیم فرض ہے، حساب وغیرہ بعض مفید باتیں بھی سکھانے میں حرج نہیں، اصول حفظان صحت جہاں تک مسائل اسلامیہ کے خلاف نہ ہوں ان کی تعلیم میں مضائقہ نہیں، اور جو مخالف ہیں جیسے بیماری اڑکرلگنے کے وسوسے، ان کی تعلیم جائز نہیں، تدبیر منزل بروجہ مطابق شرعی وحقوق شوہر واولاد ومذمت کذب وغیبت وضرورت پردہ وحجاب کی بھی تعلیم ہو، مگرعورتوں کولکھنا سکھانامنع ہے اس سے فتنہ کا چوردروازہ کھلتاہے، واﷲ تعالٰی اعلم۔
Flag Counter