Brailvi Books

فتاویٰ رضویہ جلد نمبر۲۱(کتاب الحظر والاباحۃ )
81 - 144
رسالہ

شفاء الوالہ فی صور الحبیب ومزارہ ونعالہ (۱۳۱۵ھ)

(محبوب خدا صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم آپ کے مزار اور آپ کے نعلین مقدسہ کے نقشوں میں غمزدہ کی شفاء)
مسئلہ ۱۷۲ تا ۱۷۵: از ریاست ریواں مرسلہ مولوی عبدالرحیم خاں    ۲۶/ذی القعدہ ۱۳۱۵ھ
ماقولکم ایھا العلماء الکرام فی ہذہ المسائل
 (اے علماء کرام! ان مسائل کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں۔ ت):
 (۱) بنانا تصویر آنحضرت علیہ الصلوٰۃ والسلام کا بغرض حصول ثواب زیارت کے درست وجائز ہے یانہ؟ اور بنانے والا اور خریدار مثوب ہوگا یانہیں؟

(۲) اگر کوئی تصویر آنحضرت صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم وتصویر براق نبوی ونیز تصویر حضرت جبرئیل علیہ الصلوٰۃ والسلام بناکر یا بنواکر واسطے حصول ثواب زیارت کے اپنے پاس رکھے اور اکثر مجالس میلاد نبوی میں تصاویر مذکورین کو بتکلف تمام نمائشاً بوقت ذکر معراج شریف حاضرین مجلس کے رو برو پیش کرے، اور یقین اس امر کا دلائے کہ گویا حضور معراج کو تشریف لئے جاتے ہیں اور لوگوں کو لمس وبوسہ کے لئے ہدایت وفہمائش کرے تویہ فعل اس کا شرعا جائز ہوسکتاہے اور امور مندرجہ سوالات دوم مشروع ہوں گے یاغیر مشروع ؟
 (۳) نقشہ روضہ مقدسہ آنحضرت صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم بغرض حصول ثواب زیارت بنواکر اپنے پاس

رکھنا اوریہ گمان کرنا کہ جس طرح اصل کی تعظیم وتکریم سے ہم کو ثواب حاصل ہوتاہے تعظیم نقل وشبیہ سے بھی ثواب حاصل ہوتاہے کیسا ہے۔ جائز ہے یا کیا؟ اور دلائل الخیرات میں جو نقشہ روضہ مطہر ہ کا دیا گیا ہے دراصل دینا چاہئے یانہیں؟
 (۴) بصورت ناجوازی وغیر مشروع ہونے تصاویر کے ان تصاویر کو کیا کرنا چاہئے اور نقشہ روضہ مطہر دلائل الخیرات میں سے نکال دینا بہترہوگا یا بدستور باقی وقائم رکھنا؟
افتونا بالصواب و اسقونا بالجواب توجروا بالاجرین وتکرموا فی الدارین
 ( ہمیں ٹھیک ٹھیک فتوٰی دو اور بہترین جواب سے سرفراز فرماؤ تاکہ تمھیں  دوہرا اجر ملے اور دونوں جہان میں عزت پاؤ۔ت)
الجواب : اللھم لک الحمد صل علی نبیک نبی الحمدو اٰلہ وصحبہ الخیار بالحمد اسألک حسن الادب وصدق الحب لحبیبک الکریم علیہ وعلٰی الہ افضل الصلوٰۃ والتسلیم رب انی اعوذبک من ہمزات الشیطین واعوذبک رب ان یحضرون۔
اے اللہ! درحقیقت تیرے ہی لئے سب تعریف وتوصیف ہے اور نزول رحمت فرما اپنے نبی پر جو نبی حمد ہیں، اور ان کی آل اور ان کے ساتھیوں پر رحمت نازل فرما جو اچھی حمد کرنے والے ہیں ______ ہم تجھ سے بہترین ادب اور تیرے حبیب مکرم کی سچی محبت کا سوال کرتے ہیں، آپ پر اور آپ  کی اولاد پر سب سے بہتر درودہو، اے میرے پروردگار! بیشک میں شیاطین کے وسوسوں سے تیری پناہ چاہتاہوں، اے پروردگار ! میں تیری پناہ مانگتاہوں اس بات سے کہ وہ (شیاطین) میرے پاس (شر کے لئے) حاضر ہوں۔ (ت)
اللہ عزوجل پناہ دے ابلیس لعین کے مکائد سے سخت ترکید یہ ہے کہ آدمی سے حسنات کے دھوکے میں سیآت کراتاہے اور شہد کے بہانے زہرپلاتا ہے۔ والعیاذباللہ رب العالمین اس مسکین تینوں تصویرات مذکورہ بنانے والے ان کی زیارت ولمس وتقبیل کرانے والے نے گمان کیاکہ وہ حضور پر نور سید المرسلین صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کا حق محبت بجالاتا اور حضور کو راضی کرتاہے حالانکہ حقیقۃً وہ اپنی ان حرکات باطلہ سے حضور اقدس سیدعالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کی صریح نافرمانی کررہا ہے اس پر پہلے ناراض ہونے والے حضور والا ہیں صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم۔ حضور سرور عالم صلی للہ تعالٰی علیہ وسلم نے ذی روح کی تصویر بنانا ،بنوانا، اعزازاً  اپنے پاس رکھنا سب حرام فرمایا ہے اوراس پر سخت سخت وعیدیں ارشاد کیں اور ان کے دور کرنے مٹانے کاحکم دیا، احادیث اس بارے میں حد تواترپر ہیں، یہاں بعض مذکور ہوتی ہیں:
حدیث ۱: صحیحین ومسند امام محمد میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما سے ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں:
کل مصور فی النار یجعل اﷲ لہ بکل صورۃ صورہ نفسا فتعذبہ فی جہنم ۱؎۔
ہر مصور جہنم میں ہے اللہ تعالٰی ہر تصویر کے بدلے جو اس نے بنائی تھی ایک مخلوق پیدا کرے گا کہ وہ جہنم میں اسے عذاب کرے گی۔
 (۱؎ مشکوٰۃ المصابیح     بحوالہ المتفق علیہ    کتاب اللباس باب التصاویر     مطبع مجتبائی دہلی    ص۳۸۵)

(صحیح مسلم         کتاب اللباس باب تحریم تصویر صورۃ الحیوان الخ        مطبع مجتبائی دہلی     ۲/ ۲۰۲)

(مسند احمد بن حنبل     از مسند عبداللہ بن عباس    المکتب الاسلامی بیروت                ۱/ ۳۰۸)
حدیث ۲: انھیں میں حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ سے ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں:
ان اشد الناس عذابا یوم القیمۃ المصورون ۲؎۔
بیشک نہایت سخت عذاب روزقیامت تصویر بنانے والوں پرہے۔
 (۲؎ صحیح البخاری         کتاب اللباس باب التصاویر     قدیمی کتب خانہ کراچی        ۲/ ۸۸۰)

(صحیح مسلم     کتاب اللباس     باب تحریم تصویر صورۃ الحیوان الخ    قدیمی کتب خانہ کراچی     ۲/ ۲۰۱)
حدیث ۳: انھیں میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں:
قال اﷲ تعالٰی ومن اظلم ممن ذھب یخلق خلقا کخلقی فلیخلقوا ذرۃ اولیخلقو احبۃ اولیخلقوا شعیرۃ ۳؎۔
اللہ عزوجل فرماتاہے اس سے بڑھ کر  ظالم کون جو میرے بنائے ہوئے کی طرح بنانے چلے بھلا کوئی چیونٹی یا گیہوں یا جو کا دانہ توبنادیں۔
 (۳؎ صحیح مسلم   کتاب اللباس     باب تحریم تصویر صورۃ الحیوان الخ    قدیمی کتب خانہ کراچی    ۲/ ۲۰۲)

(صحیح بخاری      کتاب اللباس      باب التصاویر            قدیمی کتب خانہ کراچی     ۲/ ۸۸۰)
حدیث ۴: صحیحین وسنن نسائی میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہما سے ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں:
ان الذین یصنعون ہذہ الصور یعذبون یوم القیمۃ یقال لہم احیواما خلقتم ۱؎۔
بیشک یہ جو تصویریں بناتے ہیں قیامت کے دن عذاب کئے جائیں گے ان سے کہا جائے گایہ صورتیں جو تم نے بنائی تھیں ان میں جان ڈالو۔
 (۱؎ صحیح البخاری     کتاب اللباس باب عذاب المصورین یوم القیمۃ     قدیمی کتب خانہ کراچی    ۲/ ۸۸۰)

(صحیح مسلم     کتاب اللباس       باب تحریم تصویر صورۃ الحیوان    قدیمی کتب خانہ کراچی   ۲/ ۲۰۱)

(سنن النسائی کتاب الزینۃ ذکر ما یکلف اصحاب الصور یوم القیامۃ  نورمحمد کارخانہ تجارت کتب  کراچی  ۲/ ۳۰۰)
حدیث ۵: مسند احمد وصحیحین وسنن نسائی میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما سے ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں:
من صور صورۃ فان اﷲ معذبہ حتی ینفخ فیہا الروح ولیس بنافخ ۲؎۔
جو کوئی تصویر بنائے تو بیشک اللہ تعالٰی اسے عذاب کرے گا یہاں تک کہ ا س میں روح پھونکے اور نہ پھونک سکے گا۔
 (۲؎ صحیح البخاری     کتاب البیوع باب بیع التصاویر        قدیمی کتب خانہ کراچی    ۱/ ۲۹۶)

(صحیح مسلم     کتاب البیوع      باب تحریم صورۃ الحیوان         قدیمی کتب خانہ کراچی   ۲/ ۲۰۲)

(مسند احمد بن حنبل     عن ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ     المکتب الاسلامی بیروت    ۱/ ۲۴۱ و ۲۴۶)

(سنن النسائی     کتاب الزینۃ ذکر ما یکلف اصحاب الصور الخ     نورمحمد کارخانہ کراچی    ۲/ ۳۰۰)
Flag Counter