یوہیں بلا وجہ شرعی کسی مسلمان جاہل کی بھی تحقیر حرام قطعی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں:
یحسب امری من الشران یحقرا خاہ المسلم کل المسلم علی المسلم حرام دمہ ومالہ وعرضہ، رواہ مسلم ۲؎ عن ابی ہریرۃ رضی اﷲ تعالٰی عنہ۔
آدمی کے بد ہونے کو یہ بہت ہے کہ اپنے بھائی مسلمان کی تحقیر کرے مسلمان کی ہر چیز مسلمان پر حرام ہے خون آبرو مال(اسے مسلم نے ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کیا۔ ت)
(۲؎ صحیح مسلم کتاب البروالصلۃ باب تحریم خلم المسلم وخذلہ الخ قدیمی کتب خانہ کراچی ۲ /۳۱۷)
اسی طرح کسی مسلمان جاہل کو بھی بے اذن شرعی گالی دیناحرام قطعی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں:
سباب المسلم فسوق رواہ البخاری ومسلم ۱؎ والترمذی والنسائی وابن ماجۃ والحاکم عن ابن مسعود رضی اﷲ تعالٰی عنہ۔
مسلمان کو گالی دینا گناہ کبیرہ ہے (اسے امام بخاری ، مسلم ، ترمذی ، نسائی، ابن ماجہ اور حاکم نے ابن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کیا۔ ت)
(۱؎ صحیح مسلم کتاب الایمان باب سباب المسلم فسوق قدیمی کتب خانہ کراچی ۱ /۵۸)
(جامع الترمذی ابوا ب البر و الصلۃ ماجاء فی الشتم امین کمپنی دہلی ۲ /۱۹)
(سنن ابن ماجہ ابواب الفتن ایچ ایم سعید کمپنی کراچی ص ۲۹۱)
اور فرماتے ہیں صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم :
سباب المسلم کالمشرف علی الہلکۃ، رواہ الامام احمد ۲؎ والبزار عن عبداﷲ بن عمرو رضی اﷲ تعالٰی عنہما بسند جید۔
مسلمان کو گالی دینے والا اس شخص کی مانند ہے جو عنقریب ہلاکت میں پڑ اچاہتاہے۔ (اسے امام احمد اور بزار نے عبداللہ بن عمرو رضی اللہ تعالٰی عنہما سے جید سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔ ت)
(۲الترغیب والترہیب بحوالہ البزار الترھیب من السباب واللعن مصطفی البابی مصر ۳ /۴۶۷)
اور فرماتے ہیں صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم :
من اٰذی مسلما فقد اذانی ومن اٰذانی فقد اذی اﷲ۔ رواہ الطبرانی۳؎ فی الاوسط عن انس رضی اﷲ تعالٰی عنہ بسند حسن۔
جس نے کسی مسلمان کو ایذا دی اس نے مجھے ایذا دی اور جس نے مجھے ایذا دی اس نے اللہ تعالٰی کو ایذا دی (اسے امام طبرانی نے الاوسط میں سند حسن کے ساتھ حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کیا ہے۔ ت)
(۳؎ المعجم الاوسط حدیث ۳۶۳۳ مکتبۃ المعارف ریاض ۴ /۳۷۳)
جب عام مسلمانوں کے باب میں یہ احکام ہیں تو علماء کرام کی شان تو ارفع واعلٰی ہے۔ حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں :
لیس من امتی من لم یعرف لعالمناحقہ۔ رواہ احمد ۲؎ والحاکم والطبرانی فی الکبیر عن عبادۃ بن الصامت رضی اﷲ تعالٰی عنہ۔
جو ہمارے عالم کا حق نہ پہچانے وہ میری امت سے نہیں۔ (اسے احمد، حاکم اور طبرانی نے کبیر میں عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کیا۔ ت)
(۲؎ مسند امام احمد بن حنبل حدیث عبادہ ابن صامت دارالفکر بیروت ۵ /۳۲۳)
پھر اگر عالم کو اس لئے برا کہتاہے کہ وہ عالم ہے جب تو صریح کافر ہے اور اگر بوجہ علم اس کی تعظیم فرض جانتاہے مگر اپنی کسی دنیوی خصومت کے باعث برا کہتاہے گالی دیتاتحقیر کرتاہے تو سخت فاسق فاجر ہے اگر بے سبب رنج رکھتاہے تو مریض القلب خبیث الباطن ہے اور اس کے کفر کا اندیشہ ہے۔
خلاصہ میں ہے :
من ابغض عالما من غیر سبب ظاھر خیف علیہ الکفر ۳؎۔
جو کسی عالم سے بغیر سبب ظاہری کے عداوت رکھتاہے اس کے کفر کا اندیشہ ہے۔ (ت)
(۳؎ خلاصۃ الفتاوٰی کتاب الفاظ الکفر الفصل الثانی الجنس الثامن مکتبہ حبیبیہ کوئٹہ ۴ /۳۸۸)
منح الروض الازہر میں ہے۔
الظاھر انہ یکفر ۴؎
(ظاہر یہ ہے کہ وہ کافر ہوجائے گا۔ ت)
واﷲ تعالٰی اعلم وعلمہ جل مجدہ اتم واحکم۔
اور اللہ تعالٰی سب سے بڑا علام ہے اور اس عزت ووقیر والے کا علم بڑا کامل اور بہت پختہ(محکم) ہے۔ (ت)
(۴؎ منح الروض الازھر شرح الفقۃ الاکبر فصل فی العلم والعلماء مصطفی البابی مصر ص۱۷۳)
مسئلہ ۱۲: ۲۷ ربیع الآخر شریف ۱۳۱۶ھ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایک عیسائی نے براہ فریب دہی مسلمان کا حقہ پیا، مسلمان چونکہ اسے مسلمان سمجھتے تھے انھوں نے اس کا پیا ہوا حقہ پیا، پھر ایک شخص آیا اس نے عیسائی کو حقہ پیتے دیکھ کر کہا تو عیسائی ہوکر مسلمانوں کا حقہ پیتاہے۔ اس نے کہا میں فلاں مسجد میں ایک مہینہ ہوا مسلمان ہوگیا ہوں،جب اس مسجد میں تحقیق کیا گیا تو بیان اس کا بے ثبوت نکلا ایسی حالت میں وہ مسلمان جنھوں نے اس کا پیا ہوا حقہ پیا ہے کیا کریں؟ بینوا توجروا (بیان کرو تاکہ اجر پاؤ۔ ت)
الجواب : جب نادانستہ پیا ان پر کچھ الزام نہں بلکہ جب وہ کہتاہے میں مسلمان ہوچکا ہوں تو اسے مسلمان ہی سمجھا جائے گا جب تک اس سے کفر جدید ظاہر نہ ہو اور اس تحقیقات کا کچھ اعتبار نہیں کہ نفی کی گواہی نامعتبر ہے اور کافر کااقرار کرنا ہی اسے مسلمان ٹھہرانے کے لئے کافی ہے
کمانص علیہ فی الدرالمختار وغیرہ
(جیسا کہ اس پر درمختار وغیرہ میں نص کی گئی ہے۔ ت) واللہ تعالٰی اعلم
مسئلہ ۱۳: از کٹرہ ڈاک خانہ اوبرہ ضلع گیا مرسلہ مولوی سید کریم خاں صاحب غرہ جمادی الآخرہ ۱۳۱۷ھ
کی فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایک کمھار کا گھر جو رعیت مسلمان زمیندار کا ہے مسجد کے متصل ہے۔ کمھار نے اپنے گھر میں ناقوس بجایا، اس پر ایک مسلمان نے کلوخ اندازی کی اس کمھار نے منیجر زمیندار کے پاس کہ وہ بھی مسلمان ہے نالش کی، منیجر مسلمان نے اس مسلمان کی تنبیہ کی اور اس سے جرمانہ لیا، اس تائید کفر کے سبب منیجر مسلمان گنہ گار ہوگا یا نہیں؟ بینوا توجروا
الجواب : ضرورکہ اس کا یہ حکم حکم قرآن عظیم کے مطابق نہ تھا۔
ومن لم یحکم بما انزل اﷲ فاولئک ہم الفسقون ۱؎o واﷲ تعالٰی اعلم۔
اور جو کوئی اللہ تعالٰی کے نازل کردہ حکم کے مطابق فیصلہ نہ کرے تووہی فاسق (نافرمان) ہیں، اور اللہ تعالٰی سب سے زیادہ جاننے والا ہے۔ (ت)