| فتاویٰ رضویہ جلد نمبر۱۳(کتاب الطلاق ،ایمان، حدود وتعزیر ) |
مسئلہ۱۰۲: از میونڈی ڈاکخانہ شاہی ضلع بریلی مرسلہ سید امیر عالم حسن صاحب۱۶شوال ۱۳۳۷ھ کیافرماتے ہیں اس مسئلہ میں کہ درمیان عدت کے عورت سے واسطے کرنے نکاح کے دریافت کرنا کیسا ہے؟
الجواب عدت میں نکاح کا پیام دینا بھی حرام ہے اور اگر پیام نہیں، مثلاً اس کے گھر والے دریافت کریں کہ نکاح ثانی کا ارادہ ہے یاکیا، تو حرج نہیں۔واﷲتعالٰی اعلم۔
مسئلہ۱۰۳: از شہر متصل جامع مسجد پیارے میاں معرفت عنایت خاں۴محرم الحرام ۱۳۳۸ھ کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ہندہ باہر تھی اور خبر انتقال شوہر سن کر آئی اور ایک مکان میں قیام کیا جس میں بیٹھک ہے اور ایک دروازہ صدر ہے لہذاایّام عدت میں بیٹھک سے مکان میں جاسکتی ہے یانہیں؟
الجواب سائل نے بیان کیا کہ عورت گوالیار میں تھی اور وہاں سے آئی، شوہر کا مکان گاؤں میں، یہ وہاں نہ گئی بلکہ شہر میں ایک غیر شخص کے یہاں ٹھہری، اس کے بیٹھک اور زنانخانہ کیا پوچھنا اس سے سفر کرکے آنا حرام تھا اور غیر شخص کے یہاں ٹھہرنا حرام تھا، بیٹھک ہویازنانخانہ اسے حکم ہے کہ شوہر کے مکان میں عدت پوری کرے، واﷲ تعالٰی اعلم۔
مسئلہ۱۰۴: ۱۳ صفر ۱۳۳۹ھ کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ زید مرگیا حالت نابالغی میں، عمر ۱۴یا ۱۵برس کی تھی، زوجہ اس کی ہندہ۱۳ سال کی، کوئی علامت بلوغت کی نہ تھی،بعد مر نے زید کے تین روز کے بعد زید کا باپ زید کی زوجہ کو اپنے مکان کولے گیا، موضع سوڑامیں، اور وہاں لے جاکر ہندہ سے اسٹامپ لکھایا معافی مہر کا، دوچار روز رہ کر پھر اسی مکان پرآگیا جہاں زید کا انتقال ہوا تھا وہ مکان زید کی نانی کاتھا، اب زید کا باپ ہندہ کے باپ کو ہندہ کو دیکھنے نہیں دیتا، کہتا ہے بعد عدت یا عدت کے اندر میں ہندہ کا نکاح اپنی رائے سے کردوں گا اور ہندہ بیمار ہے جاڑابخار آتا ہے، ہندہ کے باپ کو صدمہ ہوتا ہے کہ میں اس کا علاج کروں لیکن زید کا باپ نہیں بھیجتا نہ دیکھنے دے، ہندہ کے کسی رشتہ دار کو نہیں دیکھنے دیتا، ہندہ کا باپ کہتا ہے کہ شریعتِ محمد صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم میں بدلنے مکان کے وہی قید باقی رہی ہندہ کے ذمہ یا بدل گئی کیونکہ زید کا باپ ہندہ کو اس مکان سے اور مکان میں لے گیا دوچار روز رکھا اب ہندہ کا باپ چاہتا ہے کہ شریعت اجازت دے تو میں ہندہ کو اپنے مکان پر لے آؤں اس وجہ سے کہ ہندہ کو زید کے سامنے تکلیف پہنچاتا تھا اب تو اور بھی زیادہ تکلیف پہنچی ہے ہندہ کو، لہذا سوال کا جواب عنایت فرمایا جائے، زید کی نانی کے مکان سے زید کے باپ کا مکان چار کوس ہے۔
الجواب عدت کے اندراسے دوسری جگہ لے جانا حرام تھا اور جب تک وہاں رکھا یہ بھی حرام ہوا مگر اس سے عدت جاتی نہ رہی موت سے چار مہینے دس دن تک شوہر ہی کے مکان پر رہنا پڑے گا اگر وہ نابالغہ ہے تو اس کے معاف کئے سے مہر معاف نہیں ہوسکتا اور عدت کے اندر توکوئی اس کا نکاح نہیں کرسکتا جو کرے گا باطل محض ہوگا عدت کے بعد ہندہ کے باپ کو اس کے نکاح کا اختیار ہے پدر زید کو کچھ اختیار نہیں کہ اگر یہ کردے گا پدر ہندہ کی اجازت پر موقوف رہے گا وہ رد کردے فوراً ردہوجائے گا۔واﷲ تعالٰی اعلم۔(ت)