| فتاویٰ رضویہ جلد نمبر۱۲(کتاب النکاح والطلاق) |
مسئلہ ۱۸۷: از ضلع خاندیس پچھم بھاگ تعلقہ تلو دھا ڈاکخانہ لگر مندھا بسوستان کاٹھی مقام عکلکوا مرسلہ محمد اسمٰعیل صاحب ۱۲جمادی الاولٰی ۱۳۳۶ھ (۱) حلالے کے بارے میں ایک شخص نے نکاح کیا اور پہلی بی بی کاحق کُل نہیں ادا کیا، وہاں پر قاضی نہیں ہے، اپنے مکان کے لوگ آپ ہی قاضی آپ ہی وکیل آپ گواہ، جس شخص نے پہلے نکاح کیا اس نے خوشی سے طلاق دیا اور اس عورت نے خوشی سے طلاق لیا، بعد دس۱۰ روز اسی عورت اور وہی دھنی ایک جگہ رہنے لگے، اور اس شخص طلاق دے کر تین مہینے رکھا، پھر تین مہینے بعد حلالہ کیا، حلالہ کرنے والاجوشخص تھا اس کی بی بی نے رضا نہیں دی، رضالینے کے واسطے اپنی بی بی مارا، تو بی بی نے زبردستی سے رضا دی، اس کا حلالہ درست ہواکہ نہیں؟ (۲) ایک دوسرا آدمی ایک عورت کا لے کر بھاگ گیا، اس کی دو لڑکیا تھیں، دو۲ برس بغیر نکاح کے اس عورت کو رکھا، بعد دوبرس کے لڑکے ہوشیار ہوگئی، اس عورت کو چھوڑ کر بیٹی کو رکھنے لگا اس شخص کے حرام سے ایک لڑکی ایک لڑکا پیدا ہوئے، سو یہاں کے پنچوں نے جماعت سے باہر کردیا سوا س لڑکی سے بھی نکاح نہیں ہوا ہے، بعد بارہ۱۲ مہینے کے جماعت کے آدھے لوگ اس کو ہمراہ لے گئے اور وہی لوگ کہتے تھے اس کا منہ دیکھناروا نہیں ہے، اب وہی لوگ اس کے ساتھ کھاتے پیتے ہیں، اس کے بارے میں مسئلہ کیا کہتا ہے، اور یہاں اسلام کی ٹھٹھول کرتے ہیں اورکسی کو یہ خیال نہیں ہے کہ ہم اسلام کی مشکری کریں گے تو ہمارے کیا حال ہوں گے، اس پر حضرت رسولِ خدا(صلی اﷲتعالٰی علیہ وسلم) کی شریعت کا کیا بیان ہے؟
الجواب (۱) شریعت کا حکم یہ ہے جس شخص نے اپنی عورت کو تین طلاقیں دی ہوں ایک دفعہ میں خواہ برسوں میں کہ ایک کبھی دی اور رجعت کرلی پھر دوسری دی اور رجعت کرلی اب تیسری دی دونوں صورتوں میں عورت اس پر بغیر حلالہ حرام ہے۔ حلالہ کے یہ معنٰی ہیں کہ اس طلاق کے بعد عورت اگر حیض والی ہے تواسے تین حیض شروع ہوکر ختم ہوجائیں، اور اگر حیض والی نہیں مثلاً نوبرس سے کم عمر کی لڑکی ہے یا پچپن برس سے زائد عمر کی عورت ہے اور اس طلاق کے بعد تین مہینے کامل گزجائیں یا اگرحاملہ ہے تو بچّہ پیدا ہولے، اس وقت اس طلاق کی عدّت سے نکلے گی، اس کے بعد دوسرے شخص سے نکاح بروجہ صحیح کرے یعنی وہ شوہر ثانی اس کا کفو ہو کہ مذہب، نسب، چال چلن، پیشہ کسی میں ایسا کم نہ ہو کہ اس سے اس عورت کا نکاح عورت کے اولیاء کے لئے باعثِ بدنامی ہو، یا اگر ایسا کم ہے تو یہ عورت کا ولی نکاح ہونے سے پہلے اس کو یہ جان کر کہ یہ کفو نہیں اس کے ساتھ نکاح کی بالتصریح اجازت دے دے، یا یہ ہوکہ عورت بالغہ کاکئی ولی ہی نہ ہوتو عورت کو اختیار ہے جس سے چاہے نکاح کرلے،اور ولی نے اسے غیر کفوجانکر نکاح سے پہلے صریح اجازت نہ دی تو نکاح ہی نہو گا،یونہی لڑکی اگر نابالغہ ہے ہے اور اس کے نہ باپ ہے نہ دادا بھائی چچا وغیرہ ولی ہیں، لوگوں نے کسی غیر کفو سے اس کا نکاح کردیا جب بھی نکاح نہ ہوگا، غرض جب شوہر ثانی سے نکاح صحیح طور پر واقع ہو اور وُہ اس سے ہمبستری بھی کرلےاور اس کے بعد وُہ طلاق دے اور اس طلاق کی عدت اسی طرح گزرے کہ تین حیض ہوں اور حیض نہ آتا ہو تو تین مہینے، اور حمل رَہ جائے تو بچّہ پیداہونے کے بعد اس کے بعد پہلا شوہر اس سے نکاح کرسکتا ہے، ان میں سے ایک بات بھی کم ہوگی تو وہ نکاح نہ ہوگا زنا ہوگا، ہاں نکاح کے لئے چاہے وہ شوہر ثانی سے ہو یا پہلے سے قاضی یا وکیل یا برادری کے لوگوں کی ضرورت ہے کہ مرد نکاح ثانی کرے تو پہلے بیوی سےاجازت لے، یہ سب باتیں بے اصل ہیں،فقط اس طریقہ کی ضرورت ہے جو ہم نے لکھا اس طرح پر اگر اصلاً نہ ہوا مثلاً دوسرے شوہرنے جب طلاق دی تو اس کے دس۱۰ ہی دن بعد بے عدّت گزرے پہلے شوہر نے اس سے نکاح کرلیا تو یہ نکاح نہ ہوا نراحرام ہوا اُس صورت میں ضرور ہوگا کہ عورت کو اس سے جُدا کردیا جائے اور نہ مانے تو اسے برادری سے خارج کردیاجائے۔ (۲) اسی طرح وہ شخص جس نے عورت کو رکھا اب اُس کی بیٹی کو رکھتا ہے وہ اس پر ضرور حرام ہے اگر نکاح نہ کرے جب تو زنا ہے ہی، اور نکاح کرے جب بھی حرام ہے کہ وہ اس کی بیٹی ہوچکی، برادری والوں کو چاہئے کہ اگر وُہ مرد وعورت جُدا نہ ہوں تو اس کو برادری سے خارج کردیں، اُن سے سلام کلام نہ کریں، اُن کے پاس نہ بیٹھے اُنہیں اپنے پاس نہ بیٹھنے دیں، اور وہ لوگ جو پہلے اُن سےجُدا ہوگئے تھے اوراب مل گئے اور اُن کے ساتھ کھاتے پیتے ہیں بیجا کرتے ہیں اُنہیں چاہئے اس سے بازرہیں،اﷲ تعالٰی فرماتا ہے :
وامّا ینسینک الشیطان فلاتقعدبعد الذکری مع القوم الظلمین۱؎۔ واﷲتعالٰی اعلم۔
شیطان تجھے بُھلادیتا ہے، تو یا د آنے پر ظالم قوم کے ساتھ نہ بیٹھے۔واﷲتعالٰی اعلم(ت)
(۱؎ القرآن الکریم ۶ /۶۸)
مسئلہ۱۸۸: کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ حلالہ مع شرط کے یعنی اس قصد سے کہ بعد چند روز کے طلاق دے دے تاکہ زوج سابق کے واسطے بعد عدّت گزرنے کے حلال ہوجائے جائز ہے یانہیں؟بینواتوجروا۔ الجواب شرائط اور چیز ہے اور قصد اور چیز۔ شرط تو یہ کہ عقد نکاح میں یہ شرط لگالے یہ ناجائز وگناہ ہے او رحدیث میں ایسے حلالہ کرنے والے پر لعنت آئی ہے، اور قصد یہ کہ دل میں اس کا ارادہ ہو مگر شرط نہ کی جائے تو یہ جائز ہے بلکہ اس پر اجر کی امید ہے۔
درمختار میں ہے :
(کرہ) التزوج للثانی(تحریما) لحدیث لعن اﷲالمحلل والمحلل لہ(بشرط التحلیل)کتزوجتک علی ان احللک (امااذا اضمرا ذٰلک لا) یکرہ (وکان) الرجل (ماجورا) لقصد الاصلاح اھ ۲؎ مختصرا۔ واﷲ تعالٰی اعلم۔
حلالہ کی شرط پر نکاح کہ میں اس شرط پر تجھ سے نکاح کرتا ہوں کہ تجھے طلاق دے کر حلال کردوں گا دوسرے شخص کا نکاح مکروہِ تحریمہ ہے لیکن دونوں نے اگر دل میں حلالہ کی نیت کی تو مکروہ نہیں، اس صورت میں دوسرا شخص اصلاح کی غرض سے نکاح کرنے پر اجر کر مستحق ہوگا اھ مختصراً۔ واﷲ تعالٰی اعلم(ت)
(۲؎ درمختار باب الرجعۃ مطبع مجتبائی دہلی ۱ /۲۴۱)
مسئلہ ۱۸۹: ازکانپور بیگم گنج طلاق محل مرسلہ احمدعلی خاں وکیل ۱۲ذی الحجہ ۱۳۲۲ھ کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ زید نے ایک وقت حالتِ غصّہ میں مجبور ہوکر ہندہ زوجہ کو تین بار طلاق دی، نزدیک امام ابوحنیفہ رحمۃ اﷲتعالٰی علیہ کے مغلظ ہوگئی اور نزدیک امام شافعی رحمۃ اﷲ علیہ کے ایک رہی، تو ایسی حالت میں جو پیر وامام ابوحنیفہ رحمۃ اﷲ علیہ کا ہے رجوع کرسکتا ہے یانہیں؟ حالاتِ مقدمی یہ ہیں کہ زید کو ہندہ کے ساتھ محبت قلبی ہے اس نے قصداً چھوڑا دینے کی نیّت سے طلاق نہیں دی اور نہ ہندہ اپنے عدول حکم پر سمجھ سکتی ہے کہ مجھ پر طلاق ہوگی کیونکہ بجائے خود نادم تھی، مگر ہندہ کی بہن جو دشمن ہندہ کی ہے چند الفاظ دلانے والے جو طلاق دینے پر مبنی تھے ایسے کہ جس سے زید کو مجبوراً غیظ آگیا اور دفعۃً تین بار طلاق دے کر ہندہ کے مکان سے اُٹھ آیا، اب زید وہندہ وسخت صدمہ ہے اور دو۲ لڑکے یعنی ایک پسر بعمر۹ سال ایک دختر بعمر۵سال جو ہندہ کے پاس ہیں اور ہندہ محتاج ہے پرورش بدقت کرسکتی ہ اور نیز بلاتعلیم رہنے کا خیال قوی ہے اور زید کو ایسا رنج ہے کہ نوبت بجان ہے برنظر حالات رجوع کرسکتا ہے یا نہیں؟ بینواتوجروا الجواب ایک بار تین طلاق دینے سے نہ صرف نزد حنفیہ بلکہ اجماعِ مذاہب ِ اربع تین طلاقیں مغلظہ ہوجاتی ہیں، امام شافعی، امام مالک ، امام احمد رضی اﷲتعالٰی عنہم ائمہ متبوعین سے کوئی امام اس باب میں اصلاً ہوا اور عورت اس کے نکاح سے ایسی خارج ہوئی کہ اب بے حلالہ ہرگز اس کے نکاح میں نہیں آسکتی، اگر یُونہی رجوع کرلی بلاحلالہ نکاحِ جدید باہم کرلیا تو دونوں مبتلائے حرامکاری ہوں گے اور عمر بھر حرام کاری کریں گے۔ اﷲتعالٰی ارشاد فرماتا ہے :
ومن یتق اﷲ یجعل لہ مخرجاً۱؎۔
جو اﷲتعالٰی سے ڈرتا ہے اﷲتعالٰی اس کیلئے راستہ بنادیتا ہے۔(ت)
(۱؎ القرآن الکریم ۶۵/۲)
اس نے تقوٰی نہ کیابلکہ خلافِ خدا ورسول تین طلاقیں لگاتار دینے کامرتکب ہوا اﷲ عزوجل نے اس کے لئے مخرج نہ رکھا اب حلالہ کے سخت تازیانے سے اسے ہرگز مفر نہیں یہاں تک کہ ائمہئ دین نے فرمایا کہ اگرقاضی شرح حاکمِ اسلام ایسے مسئلہ میں ایک طلاق پڑنے کا حکم دے تو وُہ حکم باطل ومردود ہے۔ وہابیہ غیر مقلدین اب اس مسئلہ میں خلاف اٹھا رہے ہیں وہ گمراہ دین ہیں، ان کی تقلید حلال نہیں،
فتح القدیر میں ہے:
ذھب جمھور الصحابۃ والتابعین ومن بعدھم من ائمۃ المسلمین الی انہ یقع ثلث، وفی سُنن ابی داؤد عن مجاہد قال کنت عند عباس رضی اﷲتعالٰی عنھما فجاء رجل فقال انہ طلق امرأتہ ثلثا قال فسکت حتی ظننت انہ رادھا الیہ ثم قال ایطلق احدکم فیرکب الحموقۃ ثم یقول یا ابن عباس یا ابن عباس فان اﷲ عزّوجل قال ومن یتق اﷲیجعل لہ مخرجا عصیت ربک وبانت منک امرأتک،ثم ذکر ادلتہ بروایۃ لامؤطاعن ابن عباس وابی ہریرۃ معاومثلہ عن ابن عمرقال وروی ایضاعن عبداﷲبن عمروبنن العاص واسند عبدالزاق عن علقمۃ عن ابن مسعود و وکیع عن امیرالمؤمنین علی وامیر المومنین عثمان بن عفان وقد قدمہ عن امیرالمومنین عمرو اوردہ بروایۃ ابن ابی شیبۃ والدار قطنی عن ابن عمر عن البنی صلی اﷲتعالٰی علیہ وسلم وذکرہ فی اٰخر الکلام بروایۃ عبدالرزاق فی مصنفہ عن عبادۃ بن الصامت عن النبی صلی اﷲتعالٰی علیہ وسلم ورضی اﷲتعالٰی عنھم اجمعین الی ان قال، قداثبتنا النقل عن اکثرھم صریحا بایقاع الثلث ولم یظھر لھم مخالف فما ذابعد الحق الاالضلال وعن ھذاقلنا لم یحکم حاکم بان الثلث بفم واحد واحدۃ لم ینفذ حکمہ لانہ لایسوغ الاجتھادفیہ فھو خلاف لااختلاف۱؎(ملخصاً) واﷲتعالٰی اعلم۔
جمہور صحابہ، تابعین اور ان کے بعد والے مسلمانوں کے ائمہ کرام کا مسلک ہے بیک لفظ تین طلاقیں تین ہوں گی۔ امام مجاہد سے سُنن ابو داؤد میں مروی ہے کہ میں حضرت ابن عباس رضی اﷲتعالٰی عنہ کے پاس موجود تھا تو ایک شخص آیا اور کہا کہ میں نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دی ہیں، مجاہد کہتے کہ حضرت ابن عباس رضی اﷲتعالٰی عنہ کچھ دیر خاموش رہے تو میں نے خیال کیا کہ شاید ان عباس سائل کو بیوی واپس کردیں گے، تو کچھ دیر بعد آپ نے فرمایا تم میں سے بعض لوگ بیوی کو طلاق دیتے ہوئے حماقت سے کام لیتے ہیں اور پھر اے ابن عباس اے ابن عباس کہتے ہیں، تو یاد رکھو اﷲتعالٰی نے فرمایا: جو شخص اﷲتعالٰی سے ڈرتا ہے تو اﷲتعالٰی اس کے لئے کوئی سبیل پیدا فرمادیتاہے، جبکہ تو نے اﷲ تعالٰی کی نافرمانی کی ہے تیری بیوی تجھ سے لاتعلق ہوچکی ہے۔ اسکے بعد فتح القدیر نے اس پر دلائل ذکر کئے۔ مؤطا کے حوالہ سے ابن عباس اور ابن مسعود رضی اﷲتعالٰی عنہما کی روایت ذکرکیں جیسا کہ ابوداؤد نے ابن عباس اورابوہریرہ رضی اﷲتعالٰی عنہما سے اکھٹی روایت کی، اس طرح کی روایت ابن عمر رضی اﷲ تعالٰی عنہ سے ذکر کی، اور کہا کہ عبداﷲبن عمر بن العاص رضی اﷲتعالٰی عنہ سے بھی مروی ہے، اور انہوں نے کہا کہ عبدالرزاق نے علقمہ عن ابن مسعود رضی اﷲتعالٰی عنہ، اور وکیع عن امیرالمومنین عمر فاروق عثمان بن عفان رضی اﷲتعالٰی عنہم سے سند ذکر کی، اور قبل ازیں فتح القدیر نے امیرالمومنین عمر فاروق رضی اﷲتعالٰی عنہم سے روایت ذکر کی اور انہوں نے ابن ابی شیبہ اور دار قطنی کی روایت بھی ابن عمر رضی اﷲتعالٰی عنہ کے ذریعہ حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام سے بیان کی۔ اور اسی کو انہوں نے کلام کے آخر میں یُوں ذکر کیا کہ عبدالرزاق نے اپنے مصنف میں عبادہ بن الصامت کے واسطہ سے حضور علیہ الصّلٰوۃ والسلام سے روایت کیا، یہاں تک کہا کہ ہم نے اکثر حضرات سے تین طلاقوں کا نافذ ہونا صراحتاً ثابت کیا اور ان حضرات کوئی بھی مخالف ظاہر نہ ہوا، تو اس حق کے بعد گمراہی کے سواکیا ہوسکتا، اسی بناء پر ہم کہتے ہیں کہ اگر کسی حاکم نے بیک زبان تین طلاقوں کے ایک طلاق کا حکم دیاتو اس کاحکم نافذ نہ ہوگا کیونکہ اس میں اجتہاد کی گنجائش نہیں ہے اور یہ حق کے خلاف ہوگا اس کو اختلاف نہ کہا جائے گا(ملخصاً) واﷲتعالٰی اعلم(ت)
(۱ فتح القدیر باب طلاق السنۃ نوریہ رضویہ سکھر ۳/ ۳۳۰)