Brailvi Books

فتاویٰ رضویہ جلد نمبر۱۱(کتاب النکاح)
199 - 1581
مسئلہ ۳۹۵: از کلکتہ بھوانی پور ڈاکخانہ بھوانی پور رسہ روڈ نمبر ۱۰۹ مرسلہ شیخ حاجی نادر علی صاحب بقر قصاب ۱۵ صفر ۱۳۳۸ھ

کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایک لڑکی کی شادی چھ مہینے کی عمر میں ہوئی اور لڑکے کی عمر اس وقت پانچ برس کی تھی تب دونوں کی شادی ہوگئی اور اب لڑکی کی عمر اس وقت چودہ برس کی ہے اور لڑکا یا لڑکے کاکوئی وارث ابھی تک کسی طرح لڑکی کی خبر نہیں لینے گئے اور لڑکی خدا کے فضل سے تین قسم کے علم سے بھی واقف اچھی طرح سے ہے اور لڑکا بالکل جاہل ہے کچھ علم سے تعلق نہیں،ا ورنہ لڑکے کی طرف سے کوئی شخص لڑکی کا پرسان حال  ہوا انہی سب وجوہات سے اب لڑکی کہتی ہے کہ ہم اول شوہر کو طلاق دے کر نکاح ثانی کریں گے، لڑکی اول شوہر کو طلاق دے کر نکاح ثانی کرسکتی ہے یا نہیں؟ اور طلاق ا س پر واجب ہوگی یا نہیں؟ اس مسئلے کو حضور ارشاد فرمائیں تاکہ لڑکی اگر نکاح ثانی کرے اور لڑکے کی طرف سے کوئی کارروائی مقدمہ وغیرہ کا کرے تو ہم کو ا س مسئلہ کو پیش کرنا ہوگا خوب کوشش کرکے بلکہ جوفرماویں خرچ وغیرہ کے لئے تو غلام خدمت کے لئے حاضر ہے۔
الجواب: یہاں فتوی پرکوئی خرچ نہیں لیا جاتا نہ اس کو اپنے حق میں روا رکھا جاتاہے، طلاق دینا عورت کے اختیار نہیں، نہ وہ شوہر کو طلاق دے سکتی ہے نہ ا س کے دئے طلاق پڑسکتی ہے، قرآن عظیم میں فرمایا:
بیدہ عقدۃ النکاح۱؎
 (اسی (خاوند) کے ہاتھ میں نکاح کی گرہ ہے۔ ت)
 ( ۱؎ القرآن          ۲/۳۳۷)
 حدیث شریف میں ہے:
الطلاق لمن اخذ الساق ۲؎
(یہ جماع سے کنایہ ہے یعنی طلاق وہی دے سکتاہے جو جماع کامالک ہے۔ ت)
(۲؎ سنن ابن ماجہ    کتاب الطلاق باب طلاق العبد    ایچ ایم سعید کمپنی کراچی    ۱/۱۵۲)
ا س کی تفصیل معلوم ہونی چاہئے کہ لڑکی کا نکاح چھ مہینے کی عمر میں اس کے باپ نے کیا یادادا نے یا اور کسی نے اور باپ کے سوا جس نے کیا ا س سے قریب تر کوئی ولی تھا یا نہیں، تھا تو کون تھا، اور اس نے قبل نکاح یا بعد نکاح خبر سن کر کیا کہا، لڑکی کو پہلا عارضہ ماہواری کس سال کس مہینے کون تاریخ کے کس منٹ پر آیا، اور اس نکاح سے ناراضی کا اظہار اس نے کس سال کس مہینے کس دن تاریخ کے کس منٹ پر کیا لڑکی کی قوم کیاہے اورلڑکے کی کیا، لڑکا مذہب یا نسب یا چال چلن یا پیشے میں بہتریابرابر یاکتنا کمتر ہے، یہ سب باتیں ایماناً سچی سچی بتائی جائیں، تو جو صورت واقعہ ہو اس کا جواب دیا جائے گا۔ فقط
Flag Counter