ظالم کو مُہلَت ملتی ہے
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے! ظلم کا انجام کس قدر بھیانک ہے۔ حضرت سیِّدُنا شیخ محمد بن اسمٰعیل بخاری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہِ الباری ’’ بُخاری شریف‘‘ میں نقل کرتے ہیں : حضرتِ سیِّدُنا ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے، سرکارِمدینۂ منوّرہ،سردارِمکّۂ مکرّمہصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: بے شک اللہعَزَّوَجَلَّظالم کومُہلَت دیتاہے یہاں تک کہ جب اس کو اپنی پکڑ میں لیتا ہے تو پھراس کو نہیں چھوڑتا۔ یہ فرما کر سرکارِ نامدارصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے پارہ 12 سورۂ ہُودکی آیت102تلاوت فرمائی:
وَکَذٰلِکَ اَخْذُ رَبِّکَ اِذَاۤ اَخَذَ الْقُرٰی وَہِیَ ظٰلِمَۃٌ ؕ اِنَّ اَخْذَہٗۤ اَلِیۡمٌ شَدِیۡدٌ ﴿۱۰۲﴾
ترجَمۂ کنزالایمان: اور ایسی ہی پکڑ ہے تیرے رب کی جب بستیوں کو پکڑتا ہے ان کے ظلم پر۔ بے شک اس کی پکڑ دردناک کرّی ہے۔
(بخاری، کتاب التفسیر، باب وکذٰلک اخذ ربک۔۔۔الخ، ۳/۲۴۷، حدیث:۴۶۸۶)
دہشت گردوں ، لٹیروں ، قتل و غارتگری کا بازار گرم کرنے والوں کو بیان کردہ حکایت سے عبرت حاصل کرنی چاہئے ، انہیں اپنے انجام سے بے خبر نہیں رہنا چاہئے کہ جب دنیا میں بھی قہر کی بجلی گرتی ہے تو اس طرح کے ظالم لو گ کُتّے کی موت مارے جاتے ہیں اور ان پر دو آنسو بہانے والا بھی کوئی نہیں ہوتا ۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد