صِحاح(1 ) ، سُنن(2 ) ، مَسانید(3 ) ، مَعاجیم(4 ) ، جوامع( 5) ، مُصَنَّفات( 6) ان سے مالا مال ۔ اہلِ سنت کا ہر متنفِّس(7 ) یہاں تک کہ زَنان و اَطفال( 8) بلکہ دَہقانی جُہَّال( 9) بھی اس عقیدے سے آگاہ ۔ خدا کا دیدار ، محمد کی شفاعت ایک ایک بچے کی زبان پر جاری ، صَلَّی اللهُ تَعَالٰی عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَبَارَكَ وَشَرَّفَ وَمَجَّدَ وَکَرَّمَ ( اللہ تعالیٰ ان پردُرود وسلام نازل فرمائے ، برکت دے ، عزت وفضیلت اور بزرگی عطا کرے ۔ ت) فقیر غَفَرَ اللهُ تَعَالٰی لَهٗ ( اللہ تعالیٰ اِس کی مغفرت فرمائے ۔ ت) نے رسالہ "سَمْع وَطَاعَة لِأَحَادِيْثِ الشَّفَاعَة" میں بہت کثرت سے ان احادیث کی جمع وتلخیص کی ، ( یہاں) بہ نہایتِ اِجمال( 10) صرف چالیس حدیثوں کی طرف اِشارت(11 ) اور ان سے پہلے چند آیاتِ قرآنیہ کی تلاوت کرتا ہوں ۔
________________________________
1 - صحاح : حدیث کی وہ کتابیں جن میں صرف احادیثِ صحیحہ ذکر کرنے کا اِلتزام کیا گیا ہو ، جیسے : صحیح بخاری ومسلم ۔
2 - سنن : حدیث کی وہ کتابیں جن میں ابوابِِ فقہ کی ترتیب پر فقط احادیث ِاحکام جمع کی گئی ہوں ، جیسے : سنن ابوداود ۔
3 - مسانید : حدیث کی وہ کتابیں جن میں ہر صحابی کی مرویات الگ الگ جمع کی جائیں ، جیسے : مسند امام احمد وغیرہ ۔
4 - معاجیم : حدیث کی وہ کتابیں جن میں اسمائے شیوخ کی ترتیب سے احادیث لائی جائیں ، جیسے : معجم طبرانی ۔
5 - جوامع : حدیث کی وہ کتابیں جن میں آٹھ عنوانات کے تحت احادیث لائی جائیں ۔ وہ آٹھ عنوانات یہ ہیں : سیر ، آداب ، تفسیر ، عقائد ، فتن ، احکام ، اشراط ، مناقب ۔ ( تيسیر مصطلح الحدیث ، ص۱۲۸ ، نصاب اصول حدیث ، ص۲۱)
6 - مصنفات : حدیث کی وہ کتابیں جن میں ترتیب ابواب فقہ پر ہو اور احادیثِ مرفوعہ کے ساتھ موقوف ومقطوع احادیث بھی مذکور ہوں ۔ ( جامع الاحادیث ، ۱/۵۶۷)
7 - یعنی ہرزندہ دل سنی ۔
8 - خواتین اور بچے ۔
9 - اَن پڑھ گنوار ۔
10 - 4 یعنی انتہائی اختصار کے ساتھ ۔
11 - 5 اشارہ ۔