پہلے اسے پڑھ لیجئے
فیضِ نبوت سے تربیت پانے اور ربّعَزَّ وَجَلَّ کی رضا کا مژدۂ حاصل کرنے والوں میں صحابۂ کرام کا شمار ہراوّل دستے کے طور پر ہوتا ہے اور ان میں بھی کچھ ہستیاں ایسی ہیں جن کی بے شمار دینی خدمات پر انہیں دنیا ہی میں جنت کی نوید دی گئی۔ یوں تو مختلف اوقات میں جنت کی بشارت پانے والے صحابۂ کرام کئی ہیں مگردس ایسے جلیل القدر اورخوش نصیب صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان ہیں جن کو آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے منبر شریف پر کھڑے ہو کر ایک ساتھ نام لے لے کر جنتی ہونے کی خوش خبری سنائی۔ ان خوش نصیبوں کو ’’عَشْرَۂ مُبَشِّرَہ‘‘ کہا جاتا ہے جن کے اسمائے گرامی یہ ہیں : ﴿۱﴾حضرت ابو بکرصدیق﴿۲﴾حضرت عمر فاروق ﴿۳﴾حضرت عثمان غنی ﴿۴﴾حضرت علی مرتضیٰ﴿۵﴾حضرت طلحہ بن عبید اللہ ﴿۶﴾ حضرت زبیر بن عوام ﴿۷﴾ حضرت عبدالرحمن بن عوف﴿۸﴾حضرت سعد بن ابی وقاص ﴿۹﴾حضرت سعید بن زید﴿۱۰﴾ حضرت ابو عبیدہ بن الجراح۔ عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان(سنن الترمذی، کتاب المناقب، مناقب عبدالرحمن بن عوف، الحدیث: ۳۷۶۸، ج۲، ص۲۱۶)
اَلْحَمْدُ للہ عَزَّوَجَلَّتبلیغِ قرآن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدنی چینل پر امت مسلمہ کو دربارِ نبوت کے ان چمکتے ستاروں کی سیرت سے آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ مجلس المدینۃُ العلمیۃکے شعبہ ’’بیاناتِ مدنی چینل‘‘ کے مدنی علما کَثَّرَہُمُ اللہُ تَعَالٰی کی انتھک کاوشوں کے سبب پیشِ نظر رسالہ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ ’’دعوتِ اسلامی‘‘ کی تمام مجالس بَشُمُول المدینۃُ العلمیۃ کو دن 11ویں اور رات 12ویں ترقّی عطا فرمائے۔
آمین بجاہ النبی الامینصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ