بیان نمبر:31
بھلائی کے طلبگار
خاتِمُ الْمُرْسَلین،رَحْمَۃُ لِّلْعٰلمین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ دلنشین ہے: ’’مَنْ قَرَأَ الْقُرْاٰنَ وَحَمِدَالرَّبَّ وَصَلَّی عَلَی النَّبِیِّ وَاسْتَغْفَرَ رَبَّہ، یعنی جس نے قرآنِ پاک کی تلاوت کی اور رَبّ تعالیٰ کی حمد بیان کی اور پھر نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر دُرُود شریف پڑھ کر اپنے رَبّ عَزَّوَجَلَّسے مغفرت طلب کی ، فَقَدْ طَلَبَ الْخَیْرَ مَکَانَہٗ،تو یقینااس نے بھلائی کو اپنی جگہ سے تلاش کرلیا۔ ‘‘( درمنثور،پ۳۰،ذکر دعاء ختم القرآن،۸/۶۹۸)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اگرہم بھی بھلائی اور مَغْفِرت کے طلبگار اور اللّٰہ عَزَّوَجَل اور اس کے رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی رضا کے خَواہش مند ہیں تو ہمیں بھی چاہئے کہ ہمہ وقت شوق ومَحَبَّت کے ساتھ بکمالِ خُشوع و خُضوع دل کو سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی طرف متوجُّہ کرکے آپ کی ذات ِ گرامی پردُرُود وسلام کے گجرے نچھاور کرتے رہیں تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسکی برکت سے سرکارِدوعالم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی مَحَبَّت ہمارے دلوں میں جاگزیں ہوگی اور جسے سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی مَحَبَّت نصیب ہوگئی یقینا وہ دنیاوآخرت میں سُرخرو ہوگیا ۔