Brailvi Books

گلدستۂ دُرُود و سلام
185 - 645
بیان نمبر:18
دس گنا ثواب
	سیّدُ المُرسَلِین، جنابِ رحمۃٌ لِّلْعٰلمِین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عظمت نشان ہے : ’’جس نے مجھ پر ایک بار دُرُودِ پاک پڑھا اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اس کیلئے دس نیکیا ں  لکھ دیتا ہے ، دس گُناہ مُعاف فرمادیتا ہے اور اس کے دس دَرَجات بُلند فرمادیتا ہے اور یہ دس غُلام آزاد کرنے کے برابر ہے ۔ ‘‘ (الترغیب والترھیب،کتاب الذکر والدعاء ،الترغیب فی اکثار الصلاۃ علی النبی، ۲/۳۲۲، حدیث :۲۵۷۴)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!                   صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!پیارے پیارے آقا، مدینے والے مصطفٰے ، شبِ اسریٰ کے دُولہاصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی ذاتِ مُبارکہ پردُرُود وسَلام پڑھنے کے بے شُمار فَضائل وبَرکات ہیں  ۔ ہمیں  بھی اپنا ذِہن بنانا چاہئے کہ اُٹھتے بیٹھتے ، چلتے پھرتے، ذَوق وشوق کے ساتھ، ادب واِحتِرام کے ساتھ دُرُود وسَلام کی کثرت کریں  کیونکہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وسلَّم کا ذِکرِ خَیرکرنا باعثِ نُزُولِ رَحمت ہے ۔ حضرتِ سَیِّدُناسُفْیان بن عُیَیْنَہ رَحْمَۃُ اللّٰہ تَعالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں  : ’’عِنْدَ ذِکْرِالصَّالِحِیْنَ تَنَزَّلُ الرَّحْمَۃ جہاں  اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ  کے نیک بندوں  کا ذِکرِخَیر ہوتا ہے وہاں  اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی رَحمتوں  کا نزول ہوتا ہے۔(حلیۃ الاولیاء ، سفیان بن عیینۃ ،۷/۳۳۵،حدیث:۱۰۷۵۰)