احادیث اور اقوالِ بزگان دین میں غریبوں،ناداروں کو کھانا کھلانے کے بہت زیادہ فضائل بیان کیے گئے ہیں۔چنانچہ
حضرت سیّدنا عبداللہ بن عَمْرو رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں:ایک شخص نے رسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے پوچھا ، اسلام کا سب سے بہترین عمل کونسا ہے ؟فرمایا:کھانا کھلانااور(مسلمان کو )سلام کرنا خواہ تم اسے جانتے ہو یانہ جانتے ہو۔(1)
ایک روایت میں یوں ارشاد فرمایا : جس نے بھوکے کو کھانا کھلایا یہاں تک کہ وہ سیر ہوگیا اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے اپنے عرش کے سائے میں جگہ عطافرمائے گا۔(2)
فرمانِ غوث پاک
سرکارِبغدار،حضورِغوث پاک حضرت سیّدنا شیخ عبدالقادر جیلانیرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا : میں نے اعمال میں غور و فکر کیا تو میں نے کھانا کھلانے سے افضل کسی عمل کو نہیں پایا،میری تمنا ہے کہ اگر دنیا( کی دولت) میرے ہاتھ میں ہوتی تو میں بھوکوں کو کھانا کھلاتا۔مزید فرماتے ہیں :میرے ہاتھ میں کوئی چیز نہیں ٹھہرتی، اگر میرے پاس ہزار دینار آئیں تورات ہونے تک ان میں سے ایک پیسہ بھی نہ بچے(غریبوں اور محتاجوں میں تقسیم کردوں اوربھوکے لوگوں کو کھانا کھلادوں۔)(3)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1 … بخاری، کتاب الایمان ،باب اطعام الطعام من الاسلام، ۱/ ۱۶،حدیث:۱۲
2 … مکارم الاخلاق ، باب فضل اطعام الطعام ، ص ۳۷۳،حدیث :۱۶۴
3 … سیر اعلام النبلاء،الشیخ عبدالقادر الخ ،۱۵/۱۸۷،قلائدالجواہر،ص۸ ملخصاً