Brailvi Books

فیضانِ خدیجۃ الکبریٰ
45 - 77
مُتَفَرِّق فضائل و مَناقِب
کثرتِ ذکر
اُمُّ المؤمنین، زوجۂ سیِّدُ المرسلین حضرتِ سیِّدَتُنا خدیجۃ الکبریٰ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا، سیِّدُ الْاَنبیا، محبوبِ کِبْرِیَا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی سب سے پہلی زوجہ مطہرہ ہیں۔ ایک قول کے مُطابِق حُضُورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر سب سے پہلے آپ نے ہی ایمان لانے کی سعادت حاصِل کی۔ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا کے فضائل و مناقِب بے شمار ہیں۔ سیِّدِ عالَم، نورِ مجسم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا سے بہت محبت تھی حتی کہ جب آپ کا وِصال ہو گیا تو کثر ت سے آپ کا ذکر  فرماتے، آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا کی سہیلیوں کا اس قدر اِکرام فرماتے کہ جب کبھی آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی بارگاہ میں کوئی شے حاضِر کی جاتی تو بارہا اِن کی طرف بھیج دیتے  حتی کہ یہی کثرتِ ذِکْر اور پیار و محبت اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا کے آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا پر رشک کا باعِث بنا چنانچہ خود فرماتی ہیں کہ میں نے رسولِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی ازواجِ پاک میں سے کسی پر اتنی غیرت نہیں کی جتنی جنابِ خدیجہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا پرکی۔ حالانکہ میں نے انہیں دیکھا بھی نہیں تھا لیکن حُضُور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ان کا بہت ذِکْر فرماتے تھے۔ (1) 



________________________________
1 -   صحيح البخارى، كتاب مناقب الانصار، باب تزويج النبى صلى الله عليه وسلم الخ، ص۹۶۲، الحديث:۳۸۱۸.