Brailvi Books

بنیادی عقائد اورمعمولاتِ اہلسنّت
82 - 132
جواب:اولیاء  اللّٰہ کی محبت دونوں جہانوں کی سعادت اور رضائے الٰہی کا سبب ہے۔ ان کی برکت سے اللّٰہ تعالیٰ مخلوق کی حاجتیں پوری کرتا ہے۔ ان کی دعاؤں سے مخلوق فائدہ اٹھاتی ہے۔ ان کے مزاروں کی زیارت، ان کے عُرسوں میں شرکت سے برکات حاصل ہوتی ہیں، ان کے وسیلہ سے دعا کرنا قبولیّت کا ذریعہ ہے۔ان کی سیرتوں سے رہنمائی حاصل کرکے گمراہی سے بچ کر صراطِ مستقیم پر استقامت کے ساتھ چلا جاسکتا ہے ان کی پیروی کرنے میں نجات ہے۔
سوال:کیا ایک مسلمان کے انتقال کے بعد کسی نیک عمل سے اسے فائدہ پہنچ سکتا ہے؟
جواب:کیوں نہیں !مرنے کے بعد مسلمان مُردوں کو صدقہ ، خیرات، تلاوتِ قرآن شریف، ذکرِ الٰہی اور دعا سے فائدہ ہوتا ہے۔ ان سب چیزوں کا ثواب پہنچتا ہے، اسی لئے فاتحہ اور گیارہویں وغیرہ مسلمانوں میں بہت پہلے سے رائج ہے اور صحیح احادیث سے یہ اُمور ثابت ہیں، ان چیزوں کا منکر گمراہ ہے۔
وَصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِہٖ وَ صَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ۔
٭…٭…٭…٭…٭…٭

جنت کی دعا
حضرتِ سَیِّدُنا اَنَسْ بن مَالِک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتے ہیں کہ نبیوں کے سُلطان،سرورِ ذیشان،سردارِ دو جہان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا :جس نے تین مرتبہ اللہ عَزَّوَجَلَّ سے جَنّت کا سُوال کیا تو جَنّت دُعا کرتی ہے کہ یااللہ عَزَّوَجَلَّ اِس کو جَنّت میں داخل کردے اور جس شخص نے تین مرتبہ دوزخ سے پناہ مانگی تو دوزخ دعاء کرتی ہے کہ یااللہ عَزَّوَجَلَّ اِس کو دوزخ سے پناہ میں رکھ۔
(جامع الترمذی، کتاب صفۃ الجنۃ،باب ماجاء فی۔۔۔۔۔۔الٰخ،الحدیث:۲۵۸۱،ج۴،ص۲۵۷)