جب خدانے کھانے کودیا ہے تو بھوکے کیوں مریں یا اسی قسم کی اور باتیں جن سے روزہ کی ہِتک وتحقیر ہو کہنا کفر ہے۔
سوال:علمِ دین یا علما کی توہین کا کیا حکم ہے ؟
جواب: علمِ دین اور علما کی توہین بے سبب یعنی محض اس وجہ سے کہ عالمِ علمِ دِین ہے کفر ہے۔ یوہیں عالمِ دین کی نقل کرنا مثلاً کسی کو منبر وغیرہ کسی اونچی جگہ پر بٹھائیں اور اس سے مسائل بطورِ اِستہزاء دریافت کریں پھر اسے تکیہ وغیرہ سے ماریں اور مذاق بنائیں یہ کفر ہے۔ یوہیں شرع کی توہین کرنا مثلاً کہے میں شرع ورع نہیں جانتا یا عالِمِ دین محتاط کا فتویٰ پیش کیا گیا اس نے کہا: میں فتوی ٰنہیں مانتا یا فتویٰ کو زمین پر پٹک دیا۔ کسی شخص کو شریعت کا حکم بتایا کہ اس معاملہ میں یہ حکم ہے اس نے کہا: ہم شریعت پر عمل نہیں کرینگے ہم تو رَسْم کی پابندی کرینگے ایسا کہنا بعض مَشایِخ کے نزدیک کفر ہے۔
سوال: شراب پیتے وقت یا زنا کرتے وقت یا جُوا کھیلتے وقت یا چوری کرتے وقت ’’بِسْمِ اللہ‘‘کہنے کا کیا حکم ہے ؟
جواب: شراب پیتے وقت یا زنا کرتے وقت یا جُوا کھیلتے وقت یا چوری کرتے وقت ’’بِسْمِ اللہ‘‘ کہنا کفر ہے۔ دوشخص جھگڑ رہے تھے ایک نے کہا: ’’ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہ‘‘دوسرے نے کہا: لَاحَوْل کا کیا کام ہے یا لَاحَوْل کو میں کیا کروں یا لَاحَوْل روٹی کی جگہ کام نہ دیگا۔ یوہیں سُبْحَانَ اللہ اور لَااِلٰہ اِلَّا اللہ کے متعلق اسی قسم کے الفاظ کہنا کفر ہے۔
سوال: بیماری میں گھبرا کر یہ کہنا کہ تجھے اختیار ہے چاہے کافر مار یا مسلمان مار، اسکا کیا حکم ہے؟
جواب: بیماری میں گھبرا کر کہنے لگا تجھے اختیار ہے چاہے کافر مار یا مسلمان مار ،یہ کفر ہے۔