Brailvi Books

بنیادی عقائد اورمعمولاتِ اہلسنّت
6 - 132
(حصّۂ اوّل) بُنیادی عقائد
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
ذات و صفاتِ باری تعالی
سوال:کیا دنیا ہمیشہ سے ہے؟
جواب:جی نہیں۔
سوال:کیا دنیا ہمیشہ رہے گی؟
جواب:نہیں، کیونکہ یہاں کی ہر چیز کیلئے ایک عمر ہے۔ پہلے وہ پیدا ہوتی ہے اور جب تک اس کی عمر ہے باقی رہتی ہے ، پھر فنا ہو جاتی ہے۔
سوال:دنیا کی چیزیں پیدا اور فنا کرنے والا کون ہے؟
جواب: اللّٰہ تعالیٰ۔
سوال:وہ کب پیدا ہوا اور کب تک رہے گا؟
جواب:وہ پیدا نہیں ہوااور نہ ہی فنا ہوگا ۔پیدا وہ چیز ہوتی ہے جو پہلے نہ ہو خود سے ہمیشہ سے نہ ہوجبکہاللّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا، سب کو وہی پیدا کرتاہے  اسے  کسی نے پیدا نہیں کیا، وہی سب کو فنا کرتا ہے اور اسے کوئی فنا نہیں کرسکتا اس کا ہونا ضروری ہے اور عدم یعنی نہ ہونا محال (ناممکن )ہے۔
سوال:کیا اکیلے اُسی نے ساری دنیا بنا ڈالی یا  کوئی اوربھی اس کے ساتھ شریک ہے؟
جواب:کوئی اس کا شریک نہیں، سب اس کے بندے اور ا س کے پیدا کئے ہوئے ہیں، وہ اکیلا تمام جہان کا پیدا کرنے والا ہے، وہ بڑی قدرت  والاہے، کوئی ذرّہ اس کے حکم کے بغیر ہِل نہیں سکتا۔