Brailvi Books

بنیادی عقائد اورمعمولاتِ اہلسنّت
12 - 132
سوال:کسی نبی کی تعظیم و توقیر نہ کرناکیسا؟
جواب:انبیاء عَـلَيْـهِمُ الصَّلٰوۃُ  وَ الـسَّـلَام تمام مخلوق سے افضل ہیں، ان کی تعظیم و توقیر یعنی عزت و احترام فرض اور ان کی ادنیٰ توہین یعنی گستاخی یا تکذیب یعنی جھٹلانا کفر ہے۔ آدمی جب تک ان سب انبیاء عَـلَيْـهِمُ الصَّلٰوۃُ  وَ الـسَّـلَام کو نہ مانے مومن نہیں ہوسکتا۔شیطان اللّٰہ تعالیٰ کے پیارے نبی آدم عَـلَيْـهِ الصَّلٰوۃُ  وَ الـسَّـلَام کی بے ادبی اور گستاخی کرنے ہی کی وجہ سے ملعون قرار دیا گیا ۔پتا چلا کہ انبیاءِ کرام عَـلَيْـهِمُ الصَّلٰوۃُ   وَ الـسَّـلَام کی بے ادبی شیطانی کام ہے اب آخری نبی ہمارے نبی مکرم محمد مصطفےٰصَلَّى اللهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَاٰلِهٖ وَسَلَّم کی لائی ہوئی شریعت کو ماننا مسلمان ہونے کے لئے ضروری ہے اب کوئی نیا نبی اور نئی شریعت نہیں آئے گی ۔
سوال: اللّٰہ عَزَّ  وَجَلَّکی بارگاہ میں انبیاءِ کرام عَـلَيْـهِمُ الصَّلٰوۃُ  وَ الـسَّـلَام کا کیا مقام ہے؟
جواب: اللّٰہ تعالیٰ کے دربار میں انبیاء عَـلَيْـهِمُ الصَّلٰوۃُ  وَ الـسَّـلَام کی بہت عزّت اور بڑامقام ہے۔ وہ اللّٰہ تعالیٰ کے پیارے اس کے محبوب ہوتے ہیں ان پر وحی نازل ہوتی ہے انہیں طرح طرح کے کمالات و معجزات عطا کئے جاتے ہیں ساری مخلوق میں سب سے افضل رُتبہ انبیائے کرام ہی کا ہوتا ہے حتی کہ فرشتوں سے بھی افضل ہوتے ہیں۔
سوال:رسول کسے کہتے ہیں؟
جواب: انبیاء عَـلَيْـهِمُ الصَّلٰوۃُ  وَ الـسَّـلَام میں سے جو نئی شریعت لائے ان کو رسول کہتے ہیں۔ 
سوال:جو نبی وفات پا چکے انہیں مردہ کہہ سکتے ہیں یا نہیں؟
جواب:تمام انبیاء عَـلَيْـهِمُ  الصَّلٰوۃُ  وَ الـسَّـلَام اپنی قبروں میں ایسے زندہ ہیں جیسے دنیا میں تھے، ایک آن (گھڑی بھر )کے لئے ان پر موت آئی پھر زندہ ہو گئے ۔ جو انہیں مردہ کہے گمراہ بد دین ،شیطان کے راستہ پر چلنے والا ہے اس کے تو سائے سے بھی دور رہنا چاہئے ۔