Brailvi Books

باطنی بیماریوں کی معلومات
308 - 341
بعید کہ روٹی کا اِحتِرام نہ کرنے کی یہ سزا ہو۔ آج شاید ہی کوئی مسلمان ایسا ہو ،جو روٹی ضائِع نہ کرتا ہو۔ ہر طرف کھانے کی بے حُرمتی کے دِلسوز نظّارے ہیں ، شادی کی تقریبات ہوں یا بُزُرگانِ دین رَحِمَہُمُ اللہُ الْمُبِیْن  کی نیاز کے تبرُّکات۔ افسوس صد کروڑ افسوس! دستر خوانوں اور دریوں پر بے دردی کے ساتھ کھانا گِرایا جاتا ہے ، کھانے کے دوران ہڈّیوں کے ساتھ بوٹی اورمَصالحہ برابر صاف نہیں کیا جاتا ، گرم مصالَحے کے ساتھ بھی کھانے کے کثیر اَجزاء ضائِع کر دیئے جاتے ہیں ، تھالوں میں بچا ہوا تھوڑا سا کھانا اور پِیالوں ، پتیلوں میں بچا ہوا شوربا دوبارہ استِعمال کرنے کا اکثر لوگوں کا ذِہن نہیں ، اِس طرح کا بہت سارا بچا ہوا کھانا عُمُوما ً کچرا کُونڈی کی نذر کر دیا جاتا ہے ۔اب تک جتنا بھی اِسراف کیا ہے برائے مہربانی!اُس سے توبہ کر لیجئے ۔ آئِندہ کھانے کے ایک بھی دانے اور شوربے کے ایک بھی قطرے کا اِسراف نہ ہو اِس کا عہد کرلیجئے۔ وَاللہِ الْعَظیم ! قِیامت میں ذرہ ذرہ کا حساب ہونا ہے، یقیناً کوئی بھی قِیامت کے حساب کی تاب نہیں رکھتا، توبہ سچّی توبہ کر لیجئے۔ درود پاک پڑھ کر عرض کیجئے۔یا اللہ عَزَّوَجَلَّ ! آج تک میں نے جتنا بھی اِسراف کیا اُس سے اور تمام صغیرہ و کبیرہ گناہوں سے توبہ کرتا ہوں اور تیری عطا کردہ توفیق سے آئندہ گناہوں سے بچنے کی بھر پور کوشش کروں گا، یا ربِّ مصطَفےٰ صَلَّی اللہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم میری توبہ قَبول فرما اور مجھے بے حساب بخش دے ۔ آمِیْنْ بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنْ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم