Brailvi Books

باطنی بیماریوں کی معلومات
30 - 341
نکلوں گا ۔‘‘يہ کہہ کر پھر عبادت ميں مشغول ہو گئے ۔(1)
ریاکاری کے دس علاج:
(1)…پہلا علاج: ’’اللہ تعالٰی سے مدد طلب کیجئے۔‘‘بارگاہ رب العزت میں یوں دعا کیجئے:اے اللہ عَزَّوَجَلَّ مجھے ریاکاری کی بیماری سے شفا عطافرما،میری خالی جھولی کو اخلاص کی عظیم دولت سے بھر دے ،میرا سامنا اس دشمن (یعنی شیطان) سے ہے جو مجھے دیکھتا ہے مگر خود دکھائی نہیں دیتا لیکن تُو اس کو ملاحظہ فرما رہا ہے اے اللہ عَزَّوَجَلَّ  مجھے اس دشمن کے مکروفریب سے بچا لے ،اے اللہ عَزَّوَجَلَّ میں اس بات سے تیری پناہ چاہتا ہوں کہ لوگوں کی نظر میں میرا حال بہت اچھا ہو وہ مجھے نیک اور پرہیز گار سمجھیں مگر تیری بارگاہ میں سزاکا حقدار ٹھہروں۔
(2)…دوسرا علاج: ’’ریاکاری کے نقصانات پیشِ نظر رکھئے۔‘‘کیونکہ آدمی کا دل کسی چیز کو اس وقت تک پسند کرتا ہے جب تک وہ اسے نفع بخش اور لذیذ نظر آتی ہے مگر جب اسے اس شے کے نقصان دہ ہونے کا پتہ چلتا ہے تو وہ اس سے بچتا ہے۔ ریاکاری کے چند نقصانات یہ ہیں : ریاکار کا عمل ضائع ہوجاتا ہے، ریاکار شیطان کا دوست ہے، جہنم کی وادی ریاکار کا ٹھکانہ ہوگی، ریاکار کے تمام اعمال برباد ہوجائیں گے، کل بروز قیامت اسے شدید حسرت ہوگی، ریاکار کو ذلت ورسوائی کا عذاب دیا جائےگا، ریاکارپر جنت حرام ہے، ریاکار زمین وآسمان میں ملعون ہے۔ وغیرہ وغیرہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…تذکر ۃ الاولياء،باب چھارم،ذکر مالک دینار  ،ج ۱ ،ص ۴۸ ۔