Brailvi Books

باطنی بیماریوں کی معلومات
207 - 341
نسیان موت کے بارے میں تنبیہ:
نسیانِ موت یعنی موت کا بھول جانا دل کی سختی کی علامت ہے اور دل کا سخت ہونا گناہوں کے اِرتکاب کا بہت بڑا سبب ہے، موت کو بھول جانا ہلاکت میں ڈالنے والا مذموم امر ہے، لہٰذا موت کو ہمیشہ یاد کرتے رہنے چاہیے۔
حکایت، اے ویران محل!تیرے مکین کہاں ہیں ؟
حضرتِ سیِّدُنا صالح مُرِّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہِ الْقَوِی  ایک مرتبہ ایک عالیشان محل کے قریب سے گزرے تو ایک کنیز ہاتھوں میں دَف اٹھائے یہ نغمہ گارہی تھی: ’’ہم لوگ ایسی نعمتوں اور خوشیوں میں ہیں جو کبھی زائل (یعنی ختم) نہ ہوں گی ۔‘‘ یہ سن کر آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے اس کنیز سے فرمایا: ’’اللہ عَزَّوَجَلَّ کی قسم! تو جھوٹ بول رہی ہے۔‘‘ پھر آپ وہا ں سے روانہ ہو گئے۔ کچھ عرصے بعد جب آپ کا گزر دوبارہ اس محل کے قریب سے ہوا تو دیکھا کہ اس محل پر بوسیدگی وشکستگی کے آثار نمایاں ہیں ، نوکر چاکر سب غائب تھے ،محل کی تمام زیب وزینت خاک میں مل چکی تھی، گر دشِ ایام کی زد میں آکر وہ زیب وزینت کا شاہکار محل اب خراب وبیکار ہوچکاتھا گویا وہ ویران محل پکار پکار کر زبانِ حال سے یوں کہہ رہا تھا:
اَجل نے نہ کسریٰ ہی چھوڑا نہ دارا
اسی سے سکندر سا فاتح بھی ہارا
ہر اک لے کے کیا کیا نہ حسرت سِدھارا