اِنفرادی کوششوں سے مجھے دَرْسِ فیضانِ سنّت میں شِرْکَت کی سَعَادَت نصیب ہوئی۔ دَرْس انتہائی آسان فہم ہونے کے ساتھ ساتھ پند و نصیحت کے مدنی پھولوں سے بھرپور تھا میں نے بھی کچھ مدنی پھول اپنے دامَن میں بھر لئے اور ان سے اپنے گلشنِ حیات کو مہکانے کی نِیَّت کر لی۔ دَرْس کے بعد مُلَاقَات کے دوران ان اِسْلَامی بھائی نے بڑی مَحبَّت سے مجھے دَرْس میں پابندی سے شِرْکَت کرنے کی ترغیب دِلائی ، چُنَانْچِہ اس کے بعد میں دَرْس میں اور دَرْس کی بَرَکَت سے ہفتہ وار سنّتوں بھرے اِجْتِمَاع میں شِرْکَت کا پابند بن گیا۔ دَعْوَتِ اِسْلَامی کے اس مَدَنی مَاحَول میں آنا جانا تو کیا ہوا مجھے اپنی سابقہ زِنْدَگی کے بیش قیمت انمول ہیروں کے زِیاں کا اِحْسَاس ہونے لگا۔ میں نے اس کی تلافی کے لئے دَعْوَتِ اِسْلَامی کے مَدَنی مَاحَول سے وابستگی کی پختہ نِیَّت کر لی اور اپنی اس نیک نیّتی کو عملی جامہ پہنانے ، مَدَنی مَاحَول میں اِسْتِقَامَت پانے اور خوب خوب نیکیاں کمانے کے لئے دَعْوَتِ اِسْلَامی کے تَحْت ہونے والے 63 روزہ تربیتی کورس میں داخلہ لے لیا۔ یوں مجھ سا بد کردار عِصیاں شعار اور مُعَاشَرے کا انتہائی ذلیل و خوار شخص سنّتوں پر عَمَل کی بَرَکَت سے باکردار ، نیکوکار اور مُعَاشَرے کا عزّت دار اِنسان بن گیا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ!مَدَنی مَاحَول کی بَرَکَت سے اَمِیْـرِ اَھْلِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا مُرید ہو کر قادری عطاری بن چکا ہوں۔ اللہ پاک کی اَمِیْـرِ اَھْلِسُنّت پَر رَحْمَت ہو اور ان کے صَدْقے ہماری مَغْفِرَت ہو۔(1)
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
________________________________
1 - نشے باز کی اصلاح کا راز ، ص۲