Brailvi Books

بعدِ فجرمدنی حلقہ
30 - 46
ذکر کے فضائل
میٹھے میٹھے اِسْلَامی بھائیو!بعدِ فَجْرمدنی حلقے کی اختتامی دُعا کے بعدنَمازِ اِشْرَاق و چاشت کے اِنتِظار میں اگر کچھ وَقْت بچ جائے تو اسے ضائع مت کیجئے بلکہ ذِکْرِ الٰہی میں مَشْغُول ہو جائیے کہ حضرتِ سیِّدُنا کَعْبُ الْاَحْبَار رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ایک شخص مَسْجِد کے دروازے پر چِت کَبرے گھوڑے پر سامان لاد کر اسے راہِ خُدا میں دیدے اور خوش دِلی کے ساتھ مال تقسیم کر دے اور دوسرا شخص نَمازِ فَجْر کے بعد مَسْجِد میں سُورَج نکلنے تک ذِکْرِ الٰہی میں مَشْغُول رہے تو ذِکْرُاللہ میں مَشْغُول رہنے والے نے زیادہ اَجَر پایا۔(1) اللہ پاک کے ذِکْر سے دِلوں کو اطمینان کی دولت نصیب ہوتی ہے۔ مگر اَفْسَوس!آج ساری دنیا میں ایک عالمگیر بے چینی پائی جارہی ہے کوئی ملک ، شہر اور گاؤں بلکہ کوئی گھر ایسا نہیں جہاں بدامنی اور بے چینی نہ ہو ، آج ہرشخص بے چینی کا شِکار نَظَر آتا ہے ، نادان انسان شراب ورُباب کی مَحفلوں ، سینما گھروں کی گیلریوں ، ڈرامہ گاہوں اور فَحاشی وعُریانی سے مُرَصَّع نائٹ کلبوں اور جِنسی ورُومانی ناولوں کے مُطالَعہ میں سُکون کی تلاش میں سرگرداں ہے ، حالانکہ قرآنِ پاک نے اس بارے میں ہماری رَاہ نُمائی کچھ یوں فرمائی ہے :  
اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ تَطْمَىٕنُّ قُلُوْبُهُمْ بِذِكْرِ اللّٰهِؕ-اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُؕ(۲۸) (پ۱۳ ، الرعد : ۲۸)
ترجمۂ کنز الایمان :  وہ جو ایمان لائے اور ان کے دل اللّٰہ کی یاد سے چین پاتے ہیں سُن لو اللّٰہ کی یاد ہی میں دِلوں کا چَین ہے۔



________________________________
1 -     حلية الاولیاء ، ذکر طبقة من تابعی اهل الشام ، ۳۲۵ - کعب الاحبار ، ۵ /  ۴۲۰ ، الرقم :  ۷۵۹۲