آسمان پر سے کاغذ کا پرزہ گرا
قَصبہ کالونی ( بابُ المدینہ کراچی) کے ایک اسلامی بھائی کے بیان کا خُلاصہ ہے: ہمارے خاندان میں لڑکیاں کافی تھیں ، چچا جان کے یہاں سات لڑکیاں تو بڑے بھائی جان کے یہاں 9لڑکیاں ! میری شادی ہوئی تو میرے یہاں بھی لڑکی کی وِلادت ہوئی۔ سب کو تشویش سی ہونے لگی اور آج کل کے ایک عام ذِہن کے مُطابِق سب کو وہم سا ہونے لگا کہ کسی نے جادو کر کے اولادِ نرینہ کا سلسلہ بند کروا دیا ہے! میں نے نیت کی کہ میرے یہاں لڑکا پیدا ہوا تو 30 دن کے مَدَنی قافِلے میں سفر کروں گا۔ میری مَدَنی مُنّی کی امّی نے ایک بار خواب دیکھا کہ آسمان سے کوئی کاغذ کا پُرزہ ان کے قریب آ کر گرا،اُٹھا کر دیکھا تو اُس پر لکھا تھا، بِلال۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہعَزَّوَجَلَّ30 دن کے مَدَنی قافِلے کی بَرَکت سے میرے یہاں مَدَنی مُنّے کی آمد ہو گئی ! نہ صِرْف ایک بلکہ آگے چل کریکے بعد دیگرے دو۲ مَدَنی مُنّے مزید پیدا ہوئے۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ کا کرم دیکھئے! 30 دن کے مَدَنی قافِلے کی بَرَکت صِرْف مجھ تک مَحدود نہ رہی ۔ ہمارے خاندان میں جو بھی اولادِ نرینہ سے محروم تھا سب کے یہاں خوشیوں کی بہاریں لٹاتے ہوئے مَدَنی مُنے تَولُّد(یعنی پیدا) ہوئے۔ یہ بیان دیتے وَقْت اَلْحَمْدُ لِلّٰہعَزَّوَجَلَّ میں عَلاقائی مَدَنی قافِلہ ذمّہ دار کی حیثیت سے مَدَنی قافِلوں کی بہاریں لُٹا نے کی کوششیں کر رہا ہوں۔