اِسلام ہی دین ہے
اِسلام دینِ فطرت اور قراٰنِ مجید مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ یہ دین انسانی فلاح و بہبود کا ضامن (ذمے دار) دنیاوی زندگی میں امن و سکون اور اخروی زندگی میں راحت وآرام کا پیامبر (پیغام دینے والا) ہے۔ اسلام کی عظمت و برتری قراٰنِ مجید میں یوں بیان کی گئی:
اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللہِ الْاِسْلٰمُ
(پ۳، اٰلِ عمرٰن:۱۹)
ترجمۂ کنزالایمان:بے شک اللہ کے یہاں اسلام ہی دین ہے۔
معلوم ہوا اللہ عَزَّوَجَلَّ کے نزدیک دین صرف ’’اسلام ‘‘ ہے۔ ایک دوسرے مقام پر اس بات پر بھی تنبیہ فرمادی کہ اسلام کے علاوہ کسی بھی دین کو اختیار کرنا ناقابلِ قبول اور آخرت میں حِرْمان و نقصان کا باعث ہے۔
چنانچہ ارشادِ ربانی ہے:
وَمَنْ یَّبْتَغِ غَیْرَ الْاِسْلٰمِ دِیْنًا فَلَنْ یُّقْبَلَ مِنْہُ وَہُوَ فِی الْاٰخِرَۃِ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ
(پ۳، اٰلِ عمرٰن:۸۵)
ترجمۂ کنزالایمان:’’اور جو اسلام کے سوا کوئی دین چاہے گا وہ ہرگزاس سے قبول نہ کیا جائے گا اور وہ آخرت میں زِیاں کاروں (نقصان اُٹھانے والوں میں ) سے ہے۔ ‘‘