کمزور بہانے
کیااس بدنصیب فیشن پرست لڑکی کی داستانِ غم نشان پڑھ کر ہماری وہ اسلامی بہنیں درسِ عبرت حاصل نہیں کریں گی جو شیطان کے اُکسانے پر اس طرح کے حِیلے بہانے کرتی رہتی ہیں کہ میری تو مجبوری ہے ، ہمارے گھر میں کوئی پردہ نہیں کرتا، خاندان کے رَواج کو بھی دیکھنا پڑتا ہے ، ہمارا سارا خاندان پڑھا لکھا ہے ، سادہ اورباپردہ لڑکی کے لیے ہمارے یہاں کوئی رِشتہ بھی نہیں بھیجتا۔ بس دل کا پردہ ہوتاہے ،ہماری نیّت تو صاف ہے وغیرہ وغیرہ ۔ کیا خاندانی رَسْم و رَواج اور نَفْس کی مجبوریاں آپ کو عذابِ قبر وجہنَّم سے نَجات دلادیں گی ؟ کیا آپ بارگاہِ خداوندی عَزَّ َجَلَّ میں اس طرح کی کھوکھلی مجبوریاں بیان کر کے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی؟ اگر نہیں اورواقِعی نہیں تو پھر آپ کو ہر حال میں بے پردَگی سے توبہ کرنی پڑے گی ۔ یا درکھئے !لَوحِ محفوظ پر جس کا جہاں جوڑا لکھا ہوتاہے وَہیں شادی ہوتی ہے ۔ ورنہ آئے دن کئی پڑھی لکھی ماڈَرْن کنواری لڑکیاں پلک جھپکتے میں موت کا شکار ہوکر رہ جاتی ہیں بلکہ بعض اوقات ایسا بھی ہوتاہے کہ دُلہن اپنی ’’رخصتی‘‘ سے قَبْل ہی موت کے گھاٹ اُترجاتی ہے اوراسے روشنیوں سے جگمگاتے ، خوشبوئیں مہکاتے حَجَلۂ عَرُوسی میں پہنچانے کے بجائے کیڑے مکوڑوں سے لبریز تنگ وتاریک قَبْر میں اتاردیا جاتاہے ۔
تو خوشی کے پھول لے گی کب تلک؟
تُو یہاں زندہ رہے گی کب تلک
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد