ساس سُسَر سے پردہ؟
{13} حُرمَتِ مُصاہَرت کے سبب مرد کو اپنی ساس سے اور عورت کو اپنے سُسرسے پردے کے مُعامَلے میں رِعایت حاصِل ہوجاتی ہے۔ ہاں دونوں میں سے کوئی ایک اگر جوان ہے تو پردہ کرنا چاہئے یہی مناسب ہے۔ (حُر مَتِ مُصاہَرت کی تفصیلی معلومات کیلئے بہارِشریعت حصّہ 7 سے ’’محرمات کا بیان ‘‘مُلاحَظہ فرمالیجئے بلکہ نِکاح ،طلاق ، عدّت ،بچّوں کی پرورش وغیرہ کے بارے میں معلومات حاصِل کرنے کیلئے شادی سے قبل ہی اور نہیں پڑھا تو شادی کے بعد ہی سہی بہارِ شریعت حصّہ 7اور8ضَرور ضَرور ضَرور پڑھ لیجئے۔)
عورَت کا چہرہ دیکھنا
{14} عورت کا چِہر ہ اگر چِہ عورَت نہیں مگر فتنے کے خوف کے سبب غیرمَحرَم کے سامنے مُنہ کھولنا مَنْع ہے ۔ اسی طرح اس کی طرف نظر کرنا غیرمَحرم کے لیے جائز نہیں اورچھُونا تو اوربھی زِیادہ مَنْع ہے ۔ (دُرِّمُختارج۲ص۹۷،بہارِ شریعت ج۱ص۴۸۴)
باریک پاجامہ مت پہنئے
{15}بعض لوگ باریک کپڑے کا پاجامہ پہنتے ہیں جس سے ران کی جِلد کا رنگ چمکتا ہے ،اسے پہن کرنَماز نہیں ہوتی ایسا پاجامہ بلا مقصدِ شرعی پہننا حرام ہے۔
دوسرے کے کُھلے ہوئے گھٹنے دیکھنا گناہ ہے
{16} بعض لوگ دوسروں کے سامنے گھٹنے بلکہ رانیں کھولے رہتے ہیں یہ حرام ہے ۔