جب ذِہن بن جائے کہ مجھے دنیا و آخِرت کی بہتریاں پانے کیلئے وزن مُعتَدِل(Normal) کرنا ہی کرنا ہے تو اللہ عَزَّ وَجَلَّسے بھلائی کی توفیق طلب کرتے ہوئے مزید آگے کی سطور پڑھئے ۔ ( وَزن کم کرنے کا طریقہ آگے آ رہا ہے )
دُبلا اور کم خَوربندہ اللّٰہ کو پسند ہے
ٹھانس ٹھانس کر کھانا ، بدن موٹا بنانا اور اُبھری ہوئی توند لئے لئے پھرنا دیکھنے والے پربَہُت بُرا تأَثُّر چھوڑتا ہے ! اپنے وَزن کا خیال رکھئے کہ عبادت پر مدد حاصِل کرنے کی نیّت سے صحت اچھی اور وَزن مُعتَدِل(Normal)رکھنا کارِ ثوابِ آخِرت اور خوفِ خدا کے باعِث دُبلا پتلا ہونا باعثِ سعادت ہے ، فرمانِ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَہے : اللہ عَزَّ وَجَلَّکو تم میں سب سے زِیادہ پسند وہ بندہ ہے جو کم کھانے والا اور خفیف ( یعنی ہلکے ) بَدَن والا ہے ۔ (اَلْجامِعُ الصَّغِیر لِلسُّیُوطی ص۲۰ حدیث ۲۲۱)
اللّٰہ کوموٹا شخص ناپسند ہے
برائے کرم ! اپنے حال پر رَحم کیجئے ، یقین مانئے موٹاپا بذاتِ خود ایک منحوس مَرَض بلکہ بے شمار اَمراض کامجموعہ ہے ، موٹاپانیک کاموں میں رُکاوٹ بنتا ہے ،