اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
وزن کم کرنے کا طریقہ
دُرُود شریف کی فضیلت
رسولِ نذیر ، سِراجِ مُنیر، محبوبِ ربِّ قدیر صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ دلپذیر ہے : ذِکرِ الٰہی کی کثرت کرنا اور مجھ پر دُرُودِ پا ک پڑھنا فقر(یعنی تنگدستی) کو دُور کرتا ہے ۔ (اَلْقَوْلُ الْبَدِ یع ص۲۷۳، معرفۃُا لصّحابۃ لابی نعیم ج۲ص۵۲۰)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
جو کوئی وَزن کم کرنے کی نیّت کرے اُس کیلئے سب سے بڑی رُکاوَٹ ’’ کھاؤں کھاؤں ‘‘ کا وظیفہ پڑھنے والا نفس ہے جو کہ کمزوری وغیرہ کے جھوٹے ڈَراوے دیتا رہتا ہے اوررہا کھانے پینے کا شوقین بندہ ! تووہ بھی پھرمَن بھاتا ’’ ڈَراوا ‘‘ پا کر خوب کھاتا ، بدن بڑھاتا اور انجامِ کار طرح طرح کے اَمراض میں پھنستا چلاجاتا ہے ۔ لہٰذا مدنی التجا ہے کہ آپ کا وَزن زیادہ ہے تو عبادت پر قوت حاصِل کرنے کی نیّت سے کم کرنے کا سنجیدَگی سے ذِہن بنایئے اور اِس پر مدد حاصِل کرنے کیلئے ابتداء ً چند روایتیں وغیرہ پڑھئے تا کہ عزم میں پختگی آئے ،