Brailvi Books

صراط الجنان جلد چہارم
447 - 576
قِیۡلَ یٰنُوۡحُ اہۡبِطْ بِسَلٰمٍ مِّنَّا وَ بَرَکٰتٍ عَلَیۡکَ وَعَلٰۤی اُمَمٍ مِّمَّنۡ مَّعَکَ ؕ وَ اُمَمٌ سَنُمَتِّعُہُمْ ثُمَّ یَمَسُّہُمۡ مِّنَّا عَذَابٌ اَلِیۡمٌ ﴿۴۸﴾ 
ترجمۂکنزالایمان: فرمایا گیا اے نوح کشتی سے اتر ہماری طرف سے سلام اور برکتوں کے ساتھ جو تجھ پر ہیں اور تیرے ساتھ کے کچھ گروہوں پر اور کچھ گروہ وہ ہیں جنہیں ہم دنیا برتنے دیں گے پھر انہیں ہماری طرف سے دردناک عذاب پہنچے گا۔

ترجمۂکنزُالعِرفان: فرمایا گیا: اے نوح! ہماری طرف سے اس سلامتی اور ان برکتوں کے ساتھ کشتی سے اتر و جو تم پر اور تمہارے ساتھیوں کی جماعتوں پر ہیں اور کچھ جماعتیں ایسی ہیں جنہیں ہم فائدے دیں گے پھر انہیں ہماری طرف سے دردناک عذاب پہنچے گا۔ 
{ قِیۡلَ:فرمایا گیا۔} آیت میں مذکور سلامتی میں قیامت تک آنے والا ہر مومن مرد اور عورت داخل ہے اور برکتوں سے حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی ذُرِّیَّت اور آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی پیروی کرنے والوں کی کثرت مراد ہے کہ بکثرت انبیاء عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَاماور ائمۂ دین رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْآپ کی نسلِ پاک سے ہوئے۔یہاں جو فرمایا گیا کہ ’’ یہ بَرکات جو تم پر اور تمہارے ساتھیوں کی جماعتوں پر ہیں ‘‘ اس کے متعلق حضرتمحمد بن کعب قُرظی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں کہ ان جماعتوں میں قیامت تک ہونے والا ہر ایک مومن داخل ہے۔ (1)
{ وَ اُمَمٌ:اور کچھ جماعتیں۔} اس سے حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے بعد پیدا ہونے والے کافر گروہ مراد ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ ان کی مقررہ مدتوں تک فراخیِ عیش اور وُسعتِ رزق عطا فرمائے گا پھر انہیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے آخرت میں دردناک عذاب پہنچے گا۔ اس میں قیامت تک آنے والا ہر کافر مرد اور کافرہ عورت داخل ہے۔ (2)
تِلْکَ مِنْ اَنۡۢبَآءِ الْغَیۡبِ نُوۡحِیۡہَاۤ اِلَیۡکَ ۚ مَا کُنۡتَ تَعْلَمُہَاۤ اَنۡتَ وَلَا قَوْمُکَ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 
1…صاوی، ہود، تحت الآیۃ: ۴۸، ۳/۹۱۶، خازن، ہود، تحت الآیۃ: ۴۸، ۳/۳۵۵، مدارک، ہود، تحت الآیۃ: ۴۸، ص ۵۰۱، ملتقطاً۔
2…صاوی، ہود، تحت الآیۃ: ۴۸، ۳/۹۱۶-۹۱۷۔