Brailvi Books

صراط الجنان جلد چہارم
188 - 576
 وَعَدُوۡہُ وَبِمَا کَانُوۡا یَکْذِبُوۡنَ ﴿۷۷﴾ 
ترجمۂکنزالایمان: تو اس کے پیچھے اللہنے ان کے دلوں میں نفاق رکھ دیا اس دن تک کہ اس سے ملیں گے بدلہ اس کا کہ انہوں نے اللہ سے وعدہ جھوٹا کیا  اور بدلہ اس کا کہ جھوٹ بولتے تھے۔ 

ترجمۂکنزُالعِرفان: تو اللہنے انجام کے طور پر اس دن تک کے لئے ان کے دلوں میں منافقت ڈال دی جس دن وہ اس سے ملیں گے کیونکہ انہوں نے اللہ سے وعدہ کرکے وعدہ خلافی کی اور جھوٹ بولتے رہے۔
{ فَاَعْقَبَہُمْ نِفَاقًا فِیۡ قُلُوۡبِہِمْ:تو اللہ نے انجام کے طور پر ان کے دلوں میں منافقت ڈال دی۔} امام فخر الدین رازی  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِفرماتے ہیں کہ اس آیت سے ثابت ہوتا ہے کہ عہد شکنی اور وعدہ خلافی سے نفاق پیدا ہوتا ہے تو مسلمان پر لازم ہے کہ ان باتوں سے اِحتراز کرے اور عہد پورا کرنے اور وعدہ وفا کرنے میں پوری کوشش کرے۔ (1)
	حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، نبی اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’ منافق کی تین نشانیاں ہیں (1) جب بات کرے جھوٹ بولے۔ (2) جب وعدہ کرے خلاف کرے۔ (3) جب اس کے پاس امانت رکھی جائے خیانت کرے ۔ (2)
 آیت ’’ فَاَعْقَبَہُمْ نِفَاقًا فِیۡ قُلُوۡبِہِمْ ‘‘ سے حاصل ہونے والی معلومات:
	اس آیت سے مزید 4باتیں یہ معلوم ہوئیں ،
(1)…  بعض گناہ کبھی بد عقیدگی تک پہنچا دیتے ہیں۔
(2)… غریبی میں خداعَزَّوَجَلَّ کو یاد کرنا اور امیری میں بھول جانا منافقت کی علامت ہے۔
(3)… آدمی کا ایمان و تقویٰ سے محروم ہو جانا بھی عذاب ِ الٰہی ہے۔
(4)… حضور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ سے وعدہ کرنا اللہ تعالیٰ سے وعدہ کرنا ہے کیونکہ ثعلبہ نے حضو ر صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَسے وعدہ کیا تھا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 
1…تفسیرکبیر، التوبۃ، تحت الآیۃ: ۷۷، ۶/۱۰۸-۱۰۹۔
2…بخاری،کتاب الایمان، باب علامۃ المنافق، ۱/۲۴،الحدیث: ۳۳