{ وَعَدَ اللہُ الْمُنٰفِقِیۡنَ وَالْمُنٰفِقٰتِ:اللہ نے منافق مردوں اور منافق عورتوں سے وعدہ کیا ہے۔} اس سے پہلی آیات میں منافقوں کے برے اعمال بیان کئے گئے اور اس آیت میں ان کی سزا بیان کی گئی ہے کہ وہ جہنم کی آگ میں ہمیشہ رہیں گے اور عذاب وسزا کے طور پر جہنم انہیں کافی ہے ،اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنی رحمت سے دور کر دیا اور ان کے لئے ہمیشہ رہنے والا عذاب ہے۔
کَالَّذِیۡنَ مِنۡ قَبْلِکُمْ کَانُوۡۤا اَشَدَّ مِنۡکُمْ قُوَّۃً وَّاَکْثَرَ اَمْوٰلًا وَّاَوْلٰدًا ؕ فَاسْتَمْتَعُوۡا بِخَلٰقِہِمْ فَاسْتَمْتَعْتُمۡ بِخَلٰقِکُمْ کَمَا اسْتَمْتَعَ الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبْلِکُمْ بِخَلَاقِہِمْ وَخُضْتُمْ کَالَّذِیۡ خَاضُوۡا ؕ اُولٰٓئِکَ حَبِطَتْ اَعْمٰلُہُمْ فِی الدُّنْیَا وَالۡاٰخِرَۃِ ۚ وَ اُولٰٓئِکَ ہُمُ الْخٰسِرُوۡنَ ﴿۶۹﴾
ترجمۂکنزالایمان: جیسے وہ جو تم سے پہلے تھے تم سے زور میں بڑھ کر تھے اور ان کے مال اور اولاد تم سے زیادہ تو وہ اپنا حصہ برت گئے تو تم نے اپنا حصہ برتا جیسے اگلے اپنا حصہ برت گئے اور تم بیہودگی میں پڑے جیسے وہ پڑے تھے ان کے عمل اکارت گئے دنیا اور آخرت میں اور وہی لوگ گھاٹے میں ہیں۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: (اے منافقو!) جس طرح تم سے پہلے لوگ تم سے قوت میں زیادہ مضبوط اور مال اور اولاد کی کثرت میں تم سے بڑھ کر تھے پھر انہوں نے اپنے (دنیا کے) حصے سے لطف اٹھایا تو تم بھی ویسے ہی اپنے حصے سے لطف اٹھالو جیسے تم سے پہلے والوں نے اپنے حصوں سے فائدہ حاصل کیا اور تم اسی طرح بیہودگی میں پڑگئے جیسے وہ بیہودگی میں پڑے تھے۔ ان لوگوں کے تمام اعمال دنیا و آخرت میں برباد ہوگئے اور وہی لوگ گھاٹے میں ہیں۔
{ کَالَّذِیۡنَ مِنۡ قَبْلِکُمْ:جس طرح تم سے پہلے لوگ۔} یعنی اے منافقو! تم گزشتہ زمانے کے ان لوگوں کی طرح ہو جو قوت میں تم سے زیادہ مضبوط اور مال و اولاد کی کثرت میں تم سے بڑھ کر تھے پھر انہوں نے اپنی دنیوی لذتوں اور شہوتوں