Brailvi Books

صراط الجنان جلد دوم
98 - 476
اِنَّ الَّذِیۡنَ اشْتَرَوُا الْکُفْرَ بِالۡاِیۡمٰنِ لَنۡ یَّضُرُّوا اللہَ شَیْـًٔا ۚ وَلَہُمْ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ ﴿۱۷۷﴾ 
ترجمۂکنزالایمان: وہ جنہوں نے ایمان کے بدلے کفر مول لیا اللہکا کچھ نہ بگاڑیں گے اور ان کے لئے دردناک عذاب ہے۔ 
ترجمۂکنزُالعِرفان:بیشک وہ لوگ جنہوں نے ایمان کی بجائے کفر اختیار کیا وہ ہرگز اللہ  کا کچھ نہیں بگاڑسکیں گے اور ان کے لئے دردناک عذاب ہے۔ 
{ اِنَّ الَّذِیۡنَ اشْتَرَوُا الْکُفْرَ بِالۡاِیۡمٰنِ: بے شک وہ جنہوں نے ایمان کے بدلے کفر اختیار کیا۔ }  ارشاد فرمایا کہ وہ منافقین جو کلمہ ایمان پڑھنے کے بعد کافر ہوئے یا وہ لوگ جو ایمان پر قادر ہونے کے باوجود کافر ہی رہے اور ایمان نہ لائے یہ اللہ  تعالیٰ کا کچھ نہ بگاڑ سکیں گے بلکہ ان کے کفر کا وبال انہی کے سَر آئے گا۔
وَلَا یَحْسَبَنَّ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اَنَّمَا نُمْلِیۡ لَہُمْ خَیۡرٌ لِّاَنۡفُسِہِمْ ؕ اِنَّمَا نُمْلِیۡ لَہُمْ لِیَزْدَادُوۡۤا اِثْمًا ۚ وَلَہُمۡ عَذَابٌ مُّہِیۡنٌ ﴿۱۷۸﴾ ترجمۂکنزالایمان: اور ہرگز کافر اس گمان میں نہ رہیں کہ وہ جو ہم انہیں ڈھیل دیتے ہیں کچھ ان کے لئے بھلا ہے ہم تو اسی لئے انہیں ڈھیل دیتے ہیں کہ اور گناہ میں بڑھیں اور ان کے لئے ذلت کا عذاب ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور کافر ہرگز یہ گمان نہ رکھیں کہ ہم انہیں جومہلت دے رہے ہیں یہ ان کے لئے بہتر ہے ، ہم تو صرف اس لئے انہیں مہلت دے رہے ہیں کہ ان کے گناہ اور زیادہ ہوجائیں اور ان کے لئے ذلت کا عذاب ہے۔ 
{ وَلَا یَحْسَبَنَّ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا:اور کافر ہرگز یہ گمان نہ رکھیں۔ } اللہتعالیٰ عموما ًفوری طور پر کسی گناہ پر گرفت نہیں فرماتا بلکہ مہلت دیتا ہے اور دنیاوی آسائشوں کا سلسلہ اسی طرح چلتا رہتا ہے اس سے بہت سے لوگ اس دھوکے میں پڑے رہتے ہیں کہ ان کا کفر اور ان کی حرکتیں کچھ نقصان دہ نہیں ہیں ان کے بارے میں فرمایا گیا کہ کافروں کو لمبی عمر ملنا، انہیں فوری عذاب نہ ہونا اور انہیں مہلت دیا جانا ایسی چیز نہیں کہ جسے وہ اپنے حق میں بہتر سمجھیں بلکہ توبہ نہ کرنے کی صورت میں یہی مہلت ان کے گناہوں میں اضافے اور ان کی تباہی و بربادی کا سبب بننے والی ہوتی ہے ۔ لہٰذا اِس مہلت کو اپنے حق میں ہرگز بہتر نہ سمجھیں۔