Brailvi Books

صراط الجنان جلد دوم
105 - 476
ہٰۤاَنۡتُمْ ہٰۤؤُلَآءِ تُدْعَوْنَ لِتُنۡفِقُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللہِ ۚ فَمِنۡکُمۡ مَّنۡ یَّبْخَلُ ۚ وَ مَنۡ یَّبْخَلْ فَاِنَّمَا یَبْخَلُ عَنۡ نَّفْسِہٖ ؕ وَ اللہُ الْغَنِیُّ وَ اَنۡتُمُ الْفُقَرَآءُ ۚ وَ اِنۡ تَتَوَلَّوْا یَسْتَبْدِلْ قَوْمًا غَیۡرَکُمْ ۙ ثُمَّ لَا یَکُوۡنُوۡۤا اَمْثٰلَکُمْ ﴿۳۸﴾٪ (سورۂ محمد:۳۸)
ترجمۂکنزُالعِرفان:ہاں ہاں یہ جو تم لوگ ہو تم بلائے جاتے ہو تاکہ تم اللہ کی راہ میں خرچ کرو تو تم میں کوئی بخل کرتا ہے اور جو بخل کرے وہ اپنی ہی جان سے بخل کرتا ہے اور اللہ بے نیاز ہے اور تم سب محتاج ہو اور اگر تم منہ پھیرو گے تو وہ تمہارے سوا اور لوگ بدل دے گا پھر وہ تم جیسے نہ ہوں گے۔ 
	حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے ، حضور اقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ’’آدمی کی دو عادتیں بری ہیں (1) بخیلی جو رلانے والی ہے۔ (2) بزدلی جو ذلیل کرنے والی ہے ۔ 
(ابو داؤد، کتاب الجہاد، باب فی الجرأۃ والجبن، ۳/۱۸، الحدیث: ۲۵۱۱) 
	حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے ، رسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’ مالدار بخل کرنے کی و جہ سے بلا حساب جہنم میں داخل ہوں گے۔ (فردوس الاخبار، باب السین، ۱/۴۴۴، الحدیث: ۳۳۰۹)  
	حضرت عبداللہبن عمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے ، نبی اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ’’کوئی بخیل جنت میں نہیں جائے گا ۔     (معجم الاوسط، باب العین، من اسمہ علی، ۳/۱۲۵، الحدیث: ۴۰۶۶)
	حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ ُ سے روایت ہے، نبی کریم  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ  نے ارشاد فرمایا:’’ بخیل اللہ عَزَّوَجَلَّ سے دورہے، جنت سے اور آدمیوں سے دور ہے جبکہ جہنم سے قریب ہے۔ 
(ترمذی، کتاب البر والصلۃ، باب ما جاء فی السخائ، ۳/۳۸۷، الحدیث: ۱۹۶۸) 
	حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے ، حضور پر نورصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’بخل جہنم میں ایک درخت ہے، جو بخیل ہے اُس نے اس کی ٹہنی پکڑ لی ہے، وہ ٹہنی اُسے جہنم میں داخل کیے بغیر نہ چھوڑے گی۔ 
(شعب الایمان، الرابع و السبعون من شعب الایمان، ۷/۴۳۵، الحدیث: ۱۰۸۷۷) 
بخل کا علمی اور عملی علاج:
	بخل کا علاج یوں ممکن ہے کہ بخل کے اسباب پر غور کر کے انہیں دور کرنے کی کوشش کرے ،جیسے بخل کا بہت بڑا سبب مال کی محبت ہے ، مال سے محبت نفسانی خواہش اور لمبی عمر تک زندہ رہنے کی امید کی وجہ سے ہوتی ہے، اسے قناعت اور صبر کے ذریعے اور بکثر ت موت کی یادا ور دنیا سے جانے والوں کے حالات پر غور کر کے دور کرے ۔ یونہی بخل کی مذمت اور سخاوت کی فضیلت، حُبّ مال کی آفات پر مشتمل اَحادیث و روایات اور حکایات کا مطالعہ کر کے غورو فکر کرنا بھی اس مُہلِک مرض سے نجات حاصل کرنے میں ممد و معاون ثابت ہو گا ۔ 
(کیمیائے سعادت، رکن سوم، اصل ششم، علاج بخل، ۲/۶۵۰-۶۵۱، ملخصاً)